Friday, 29 March 2024, 01:17:24 pm
حکومت کی موٹرویز ،بڑی شاہراہوں کا6ہزار کلو میٹر طویل نیٹ ورک تعمیر کرنے کی منصوبہ بندی
January 04, 2021

وفاقی وزیر مواصلات مراد سعید نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت نے ملک بھر میں چھ ہزار ایک سوسینتالیس کلومیٹرز پر محیط موٹرویز اور شاہراہیں تعمیر کرنے کی منصوبہ بندی کی ہے۔

پیر کی سہ پہر اسلام آباد میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ گزشتہ دو سالوں کے دوران سی پیک کے مغربی راستے پر کام شروع کرنے کے علاوہ ایک ہزار چھ سو کلومیٹرز پر محیط شاہراہوں کے منصوبوں کو بھی عملی جامہ پہنایا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ خضدار بسیمہ سڑک پر 60 فیصد کام مکمل ہو چکا ہے اور رتوڈیرو خیرپور سڑکوں کا افتتاح کر دیا گیا ہے جبکہ درہ آدم خیل منصوبہ تکمیل کے مراحل میں ہے۔مراد سعید نے کہا کہ کوئٹہ بائی پاس اور ڈیرہ مراد جمالی بائی پاس کا سنگ بنیاد رواں ماہ رکھا جائیگا انہوں نے کہا کہ نوکنڈہ مشخیل، زیارت ہرنائی، ہرنائی سنجاوی، شیخوپورہ راجن پور اور دیگر منصوبے اگلے تین ماہ میں شروع ہو جائیں گے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ300 کلومیٹر طویل حیدرآباد ،سکھر موٹروے کا سنگ بنیاد رواں سال اپریل میں رکھا جائے گا جبکہ 796 کلومیٹرز طویل چمن کوئٹہ کراچی شاہراہ کو پبلک پرائیویٹ شراکت داری کے تحت تعمیر کیا جائے گا۔