Wednesday, 05 February 2025, 11:56:15 am
 
پاکستان کسی بھی مہم جوئی کا جواب پوری قوت کے ساتھ دے گا،آرمی چیف
February 04, 2025

بری فوج کے سربراہ جنرل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ پاکستان کے خلاف کسی بھی مہم جوئی کا بھرپور ریاستی قوت کے ساتھ منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔

انہوں نے یہ بات راولپنڈی میں کور کمانڈرز کانفرنس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔

بھارتی عسکری قیادت کے اشتعال انگیز بیانات پر گفتگو کرتے ہوئے آرمی چیف سید عاصم منیر نے کہا کہ پاک فوج ملک کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کی حفاظت کیلئے مکمل طورپر تیار ہے۔

فورم نے بھارتی فوجی قیادت کی جانب سے حالیہ بے بنیاد اوراشتعال انگیز بیانات کا سختی سے نوٹس لیتے ہوئے انھیں غیر ذمہ دارانہ اور علاقائی استحکام کیلئے نقصان دہ قراردیا۔

کانفرنس میں کنٹرول لائن اور ورکنگ بائونڈری کی حالیہ صورت حال پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

اجلاس میں یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر کشمیری عوام سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے مقبوضہ جموں وکشمیر میں انسانی حقوق کی مسلسل خلاف ورزیوں کی شدید مذمت کی گئی اورانہیں علاقائی امن اور استحکام کیلئے سنگین خطرہ قراردیا گیا۔

کانفرنس میں اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں کے مطابق حق خودارادیت کے حصول کیلئے کشمیری عوام کی جائز اور منصفانہ جدوجہد کی پاکستان کی طرف سے غیرمتزلزل حمایت کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں بند کرانے کیلئے عالمی برادری کے کردار کی اہمیت پر زوردیا گیا۔

فتنہ الخوارج کی جانب سے دہشت گرد کارروائیوں کے لئے افغانستان کی سرزمین کے پاکستان کے خلاف مسلسل استعمال پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے فورم نے عبوری افغان حکومت کی جانب سے فتنہ الخوارج کے خلاف مسلسل انکار کی بجائے ٹھوس اور مستحکم اقدامات کرنے اور پاکستان اور اس کے عوام کی حفاظت کے لئے تمام ضروری اقدامات کرنے کی حکمت عملی اپنانے پر زور دیا۔

کانفرنس میں اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ کسی کو بھی بلوچستان کا امن خراب نہیں کرنے دیا جائے گا اور بلوچستان کے نوجوانوں کو گمراہ کرنے اور ریاست کے خلاف اکسانے کے غیر ملکی پشت پناہی میں مذموم منصوبے کو صوبے کے عوام کی غیر متزلزل حمایت سے ناکام بنایا جائے گا۔

تمام فارمیشنز کی جنگی تیاریوں کی تعریف کرتے ہوئے آرمی چیف نے مستقل جنگی تربیت فوجی تعاون بڑھانے، روایتی اور انسداد دہشت گردی کے مقاصد کیلئے مشترکہ مشقوں کے انعقاد کی ضرورت پر زور دیا۔

انہوں نے کہا کہ فوجی قیادت قوم کو درپیش چیلنجز سے پوری طرح آگاہ ہے اور پاکستان کے غیور عوام کے تعاون سے پوری ثابت قدمی کے ساتھ اپنی آئینی ذمہ داریوں کو نبھانے کیلئے پرعزم ہے۔