Saturday, 27 July 2024, 06:02:35 am
بلاول بھٹو کی وزیراعظم کی جانب سے حزب اختلاف کو مفاہمتی پیشکش کی توثیق
March 04, 2024

پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹوزرداری نے وزیراعظم شہبازشریف کی جانب سے حزب اختلاف کو میثاق مفاہمت کی پیش کش کی توثیق کی ہے۔

انہوں نے آج قومی اسمبلی میں خطاب کرتے ہوئے کہاکہ حزب اختلاف کو شہبازشریف کی پیشکش کا مثبت جواب دینا چاہیے اور معاشی مشکلات کا حل تلاش کرنے کیلئے حکومت کے ساتھ بیٹھنا چاہیے۔

انہوں نے اس امر پر زور دیا کہ سیاسی جماعتوں کو میثاق مفاہمت ومعیشت پر بات چیت کرنے کی ضرورت ہے۔

پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین نے کہا کہ عوام ملک کو معاشی محاذ سمیت درپیش مختلف چیلنجز سے نکالنے کیلئے اپنے منتخب نمائندوں کی جانب دیکھ رہے ہیں۔انہوں نے کاشتکاروں کو کھاد پر براہ راست اعانت دینے کے وزیراعظم کے اعلان کا خیر مقدم کیا۔بلاول بھٹو زرداری نے شہبازشریف کو وزیراعظم منتخب ہونے پر مبارکباد دی۔انہوں نے نئے منتخب صوبائی وزرائے اعلی کو بھی مبارکباد دی اور اس بات پر زور دیا کہ انہیں معیشت اور جمہوریت کے استحکام کیلئے ملکر کام کرنا ہوگا۔پیپلز پارٹی کے چیئرمین نے کہا کہ پارلیمنٹ تمام اداروں کی جان ہے اور اگر یہ ادارہ مستحکم ہے تو وہ یقینا لوگوں کو بااختیار بنائے گا۔

ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے اظہار خیال کرتے ہوئے ملک کا وزیراعظم منتخب ہونے پرشہبازشریف کو مبارک باد دی ۔انہوں نے کہاکہ عام انتخابات میں مبینہ دھاندلی کی تحقیقات کیلئے ایک عدالتی کمیشن تشکیل دیاجائے ۔بیرسٹر گوہر علی خان نے کہاکہ وہ تعمیری اپوزیشن پریقین رکھتے ہیں ۔ایوان کا اجلاس اب جمعے کی شام پانچ بجے ہوگا ۔