Thursday, 10 April 2025, 02:37:22 am
 
حکومت صحت کی بنیادی سہولیات ہر شہری تک پہنچانے کے لئے پرعزم ہے،وزیراعظم
April 07, 2025

وزیر اعظم شہباز شریف نے صحت کی سہولیات اور ہر شہری کی فلاح و بہبود یقینی بنانے کے حکومتی عزم کا اعادہ کیا ہے۔

 عالمی یوم صحت کے موقع پر اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ "صحت مند آغاز، امید افزا مستقبل" کے موضوع سے یہ دن نوزائیدہ بچوں کی صحت کی اہمیت کو اجاگر کرتا ہے۔

وزیر اعظم نے کہا کہ پاکستان نے زچہ و بچہ کی اچھی صحت کو یقینی بنانے کے شعبے میں خاطر خواہ پیش رفت کی ہے تاہم ابھی ایک طویل سفر طے کرنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں اپنے نظام صحت کو اس طرح سے بہتربنانا ہے جو طبی اور مختلف سماجی چیلنجوں سے موثر اندازمیں نمٹ سکے جو نوزائیدہ بچوں کی زچگی اور صحت پر اثرانداز ہوتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ حکومت صحت کے شعبے میں جدید ٹیکنالوجی بروئے کار لانے اور صحت عامہ کی سہولیات کو بہتر بنانے کی غرض سے مضبوط شراکت داری کو فروغ دینے کیلئے پرعزم ہے۔

وزیر اعظم نے کہاکہ ہمیں عالمی یوم صحت کے موقع پر اس بات کا عہد کرنا چاہئے کہ ہم صحت کے لیے ایک مربوط اور کثیر شعبہ جاتی حکمت عملی اختیار کریں جس میں صحت کی دیکھ بھال، تعلیم، غذائیت، ماحولیات اور انتظام جیسے مربوط اور عملی اقدامات شامل ہوں۔