Friday, 18 April 2025, 05:03:30 am
 
حکومت تجارتی ماحول کی بہتری کی پالیسی پر عمل پیرا ہے،پارلیمانی سیکرٹری تجارت
April 09, 2025

قومی اسمبلی کو بتایا گیا کہ حکومت ملک کے تجارتی ماحول کی بہتری کیئے ایک پالیسی پر عمل پیراہے۔

پارلیمانی سیکرٹری تجارت ذوالفقار علی بھٹی نے ایوان میں وقفہ سوالات کے دوران ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے بتایا کہ موجودہ تزویراتی تجارتی پالیسی لائحہ عمل میں تمام شعبوں میں بہتری لاتے ہوئے پاکستان کی برآمدی مسابقت کو بڑھانا شامل ہے۔

انہوں نے کہا اس پالیسی میں آزادانہ تجارتی معاہدوں' ترجیحی تجارتی معاہدوں اور وسط ایشیائی ممالک ترکیہ' ایران اور روس سمیت یورپ کے ساتھ تجارتی تعلقات مضبوط بنانے کے ذریعے مارکیٹ تک رسائی پر بھی توجہ دی گئی ہے۔

ایک اور سوال کا جواب دیتے ہوئے ذوالفقار علی بھٹی نے کہا گزشتہ مالی سال کے دوران پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان دوطرفہ تجارتی حجم پانچ ارب ستر کروڑ ڈالر رہا۔

ایک توجہ دلائو نوٹس کے جواب میں خزانے اور محاصل کے پارلیمانی سیکرٹری سعد وسیم شیخ نے ایوان کو بتایاکہ وفاقی حکومت خیبرپختونخوا حکومت کو سابقہ فاٹا کی ترقی کیلئے اب تک چھ سو ارب روپے فراہم کرچکی ہے۔

انہوںنے کہا کہ یہ رقم قومی مالیاتی کمیشن ایوارڈ میں خیبرپختونخوا کے حصے کے علاو ہ صوبائی حکام کو فراہم کی گئی۔

ایک اور توجہ دلائو نوٹس کے جواب میں ریلوے کے وزیرمملکت بلال اظہر کیانی نے کہا کہ خواتین کے وراثتی حقوق کو یقینی بنانے سے متعلق قانونی طریقہ کار موجود ہے۔

ایوان میں کئی بل بھی پیش کیے گئے، سپیکر نے یہ بل متعلقہ قائمہ کمیٹیوں کو بھجوا دیئے۔

ایوان کا اجلاس اب کل دن گیارہ بجے ہوگا۔