Thursday, 02 January 2025, 08:52:10 pm
 
قائمقام صدر، وزیراعظم کا دہشت گردی کے خاتمے کے عزم کا اعادہ
November 07, 2024

قائم مقام صدر سید یوسف رضا گیلانی اور وزیراعظم محمد شہباز شریف نے جنوبی وزیرستان میں سکیورٹی فورسز اور خوارج کے درمیان فائرنگ کے تبادلے میں پانچ خوارج کی ہلاکت پر سکیورٹی فورسز  کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔

ایک بیان میں قائم مقام صدر نے کہا کہ شہید ہونے والے جوانوں نے دہشت گردوں کا بہادری سے مقابلہ کرتے ہوئے شہادت قبول کی۔

انہوں نے کہا کہ مادر وطن کے دفاع میں قربانیاں دینے والے بہادر جوانوں کو پوری قوم قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔

قائم مقام صدر نے دہشت گرد عناصر کو کچلنے کے لیے آپریشن جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے شہداء کے درجات کی بلندی اور لواحقین کے لیے صبر جمیل کی دعا بھی کی۔

وزیراعظم محمد شہبازشریف نے ایک بیان میں فائرنگ کے تبادلے میں سیکیورٹی فورسز کے اہلکاروں نائب صوبیدار طیب شاہ، لانس نائیک گلاب زمان، لانس نائیک مزمل محمود اور لانس نائیک حبیب اللہ کی شہادت پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔

شہباز شریف نے شہداء کے لیے مغفرت اور لواحقین کو صبر جمیل کیلئے دعا کی۔ شہباز شریف نے کہا کہ ہمارے بہادر جوانوں کی قربانیاں کبھی رائیگاں نہیں جائیں گی۔

وزیراعظم نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ملک سے دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک دہشت گردوں کے خلاف جنگ جاری رہے گی۔