Sunday, 05 January 2025, 05:09:38 am
 
نو مئی کے مقدمات میں ملوث19 مجرموں کی رحم کی اپیلیں منظور
January 02, 2025

نو مئی کے مقدمات میں ملوث انیس مجرموں کی رحم کی اپیلیں قانون کے مطابق انسانی ہمدردی کی بنیاد پر منظور کر لی گئی ہیں۔

یہ بات آج فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے ایک بیان میں بتائی گئی۔

بیا ن میں کہا گیا ہے کہ ان تمام مجرموں کو ضابطے کی کارروائی مکمل ہونے کے بعد رہا کردیا جائے گا۔

تمام مجرموں کو اپیل کرنے اور قانون اور آئین کے مطابق قانونی چارہ جوئی کا حق حاصل ہے۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ سزائوں کی معافی قانونی طریقہ کار کی طاقت اور انصاف کا ثبوت ہے جس سے پتہ چلتا ہے کہ رحم اور ہمدردی کے اصولوں کو مدنظر رکھتے ہوئے انصاف فراہم کیا گیا ہے۔

فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق مجموعی طور پر سڑسٹھ مجرموں نے رحم کی اپیلیں دائر کی تھیں۔آئی ایس پی آر نے کہا کہ بقیہ مجرموں کی رحم کی اپیلوں کا فیصلہ قانونی عمل پورا ہونے کے بعد کیا جائے گا۔