Thursday, 02 January 2025, 08:53:26 pm
 
وزیراعظم کا پاکستان اور ترکیہ کے درمیان دوطرفہ تعاون مزید مستحکم کرنے کی ضرورت پر زور
November 07, 2024

وزیراعظم محمد شہبازشریف نے پاکستان اور ترکیہ کے درمیان تجارت، سرمایہ کاری اور دفاع کے شعبوں میں دوطرفہ تعاون مزید مستحکم کرنے کی ضرورت پر زوردیا ہے۔

انہوں نے یہ بات پاکستان کیلئے ترکیہ کے نئے سفیر عرفان نازی روگلو سے آج (جمعرات کو ) اسلام آباد میں ملاقات میں کہی ۔

وزیراعظم نے کہاکہ وہ دونوں ملکوں کے درمیان باہمی تعلقات مزید مضبوط بنانے کیلئے ترکیہ کے سفیر کے ساتھ ملکر کام کرنے کے خواہشمند ہیں۔

پاکستان اور ترکیہ کے درمیان تاریخی ، دیرینہ اور برادرانہ تعلقات کا ذکر کرتے ہوئے وزیراعظم نے کشمیر کے مسئلے پر پاکستان کی مسلسل حمایت کرنے پر ترکیہ کا شکریہ اداکیا اور کہاکہ پاکستان بھی ترکیہ کے اہم مفادات کیلئے اس کی بھرپور حمایت جاری رکھے گا۔

ملاقات کے دوران علاقائی صورتحال خصوصاً مشرق وسطی سے متعلق امور زیر غور آئے۔

وزیراعظم نے ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان کیلئے نیک خواہشات کااظہار کیا اورانھیں جلد پاکستان کا دورہ کرنے کی دعوت کا اعادہ کیا ۔

ترک سفیر عرفان نازی روگلونے گرم جوشی سے استقبا ل کرنے پر وزیراعظم کا شکریہ اداکیا اوردونوں ملکوں کے درمیان مضبوط اورتاریخی بندھن مزید مستحکم کرنے کیلئے اپنے پختہ عزم اورحمایت کایقین دلایا۔