Thursday, 02 January 2025, 09:04:44 pm
 
پاکستان کا اقوام متحدہ کی خصوصی نمائندہ کی فلسطین کے بارے میں رپورٹ کا خیرمقدم
November 07, 2024

پاکستان نے اقوام متحدہ کی خصوصی نمائندہ فراسسکا البانیز کی مقبوضہ فلسطینی علاقوں کے بارے میں رپورٹ کا خیرمقدم کیا ہے جس میں فلسطینیوں کے خلاف اسرائیل کے وحشیانہ مظالم کے خاتمے کیلئے عالمی برادری سے فیصلہ کن اقدام کا مطالبہ کیا گیا ہے تاکہ غزہ کیلئے بلا روک ٹوک انسانی امداد کی فراہمی یقینی بنائی جاسکے۔

آج(جمعرات کو) اسلام آباد میں اپنی ہفتہ وار پریس کانفرنس میں ایک سوال کے جوا ب میں دفترخارجہ کی ترجمان ممتاز زہرہ بلوچ نے کہا کہ پاکستان فراسسکا البانیز کے موقف کی تائید کرتا ہے کہ اسرائیل اقوام متحدہ کی تحقیقاتی ٹیموں کو داخلے کی اجازت دینے سے انکار سمیت بین الاقوامی تحقیقاتی ٹیموں کی راہ میں رکاوٹیں پیدا کررہا ہے ۔

انہوں نے کہا رپورٹ ظاہر کرتی ہے کہ اسرائیل کس طرح علاقائی توسیع پسندانہ اور نسل کشی کے اقدامات کے ذریعے فلسطینی عوام کا قتل عام کررہا ہے ۔

ترجمان نے اقوام متحدہ کے امدادی ادارے ، سمیت امدادی کارکنوں اور اداروں کے خلاف اقدامات اور ہسپتالوں اور ویکسنیشن مراکز پرجاری اسرائیل کی جنگ کے بارے میں تشویش کااظہارکیا ۔

ایک اور سوال کے جواب میں ترجمان نے کہاکہ پاکستان کے امریکہ سے تعلقات کئی دھائیوں پرمبنی ہیں اور ہم تمام شعبوں میں انہیں مزید وسعت دینے اور مضبوط بنانے کے خواہشمند ہیں۔