وزیراعظم محمد شہبازشریف اگلے ہفتے سعودی عرب اورآذربائیجان کا دورہ کریںگے جہاں وہ سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں دوسرے مشترکہ عرب اسلامی سربراہ اجلاس اور باکو میں موسمیاتی تبدیلی کے حوالے سے عالمی رہنمائوں کے اجلاس میں شرکت کریںگے۔
دفترخارجہ کی ترجمان ممتاز زہرہ بلوچ نے آج(جمعرات کو) اسلام آباد میں اپنی ہفتہ وار نیوز بریفنگ میں بتایا کہ وزیراعظم پیر کو ریاض میں ہونے والے دوسرے مشترکہ عرب اسلامی سربراہ اجلاس میں پاکستان کی نمائندگی کریںگے۔
سربراہ اجلاس میں غزہ اور دوسرے مقبوضہ علاقوں کی صورتحال پرغور کیاجائے گا ۔
عرب لیگ اور اسلامی تعاون تنظیم کے رکن ممالک کے سربراہان مملکت وحکومت اور اعلی حکام کی اجلاس میں شرکت متوقع ہے۔
دفترخارجہ کی ترجمان نے کہا وزیراعظم اجلاس میں فلسطین کے نصب العین کیلئے پاکستان کی مکمل حمایت کا اعادہ اور غز ہ میں نسل کشی کے فوری خاتمے کا مطالبہ کریں گے اور خطے میں جاری اسرائیلی جارحیت کو فوری طورپر بند کرنے پرزوردیں گے۔
پاکستان فلسطینی عوام کو عالمی سطح پر تحفظ دینے اور چار جون انیس سو سڑسٹھ کی سرحدوں کی بنیادپر القدس الشریف دارالحکومت کے ساتھ آزاد فلسطینی ریاست کے قیام کا مطالبہ بھی کرے گا۔
سربراہ اجلاس کے موقع پر وزیر اعظم عرب لیگ اور اسلامی تعاون تنظیم کے رکن ممالک کے رہنماؤں سے دوطرفہ ملاقاتیں کریں گے۔
شہبازشریف آذربائیجان کے دارالحکومت باکو بھی جائیںگے جہاں وہ انتیس ویں اقوام متحدہ موسمیاتی تبدیلی کانفرنس کے سلسلے میں منگل کو ہونے والے موسمیاتی تبدیلی کے حوالے سے عالمی رہنماؤں کے دو روزہ سربراہ اجلاس میں شریک ہوںگے۔
نائب وزیراعظم اور وزیرخارجہ محمد اسحق ڈار ، کابینہ کے دیگر ارکان اور اعلی حکام وزیراعظم کے ہمراہ ہوںگے جو غیرجانبداری کے اصولوں پر قائم کردہ اصولوں کی بنیاد پرماحولیاتی یکجہتی اور موسمیاتی انصاف کیلئے پرزور آواز اٹھائیںگے۔
سربراہ اجلاس کے موقع پر وزیراعظم شرکت کرنے والے عالمی رہنماؤں سے دوطرفہ ملاقاتیں بھی کریںگے۔