Friday, 10 January 2025, 06:23:20 am
 
منشیات کے تدارک کیلئے خلیجی ممالک کے ساتھ ملکر جلد ایک کانفرنس کا انعقاد کیا جائے گا:نقوی
January 09, 2025

وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ منشیات کے تدارک میں خلیجی ممالک کے ساتھ تعاون بڑھانے کیلئے جلد ایک کانفرنس کا انعقاد کیا جائے گا۔

انہوں نے انسداد منشیات فورس کے ہیڈ کوارٹرز کے دورے کے دوران کہا کہ اس کانفرنس میں خلیجی ممالک کی انسداد منشیات فورسز کے سربراہان کو مدعو کیا جائے گا۔ محسن نقوی نے زور دیا کہ منشیات کیخلاف مشترکہ ایکشن پلان بنانے کیلئے یہ کانفرنس ناگزیر ہے۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ منشیات سے نئی نسل کو محفوظ بنانے کیلئے پوری طاقت سے کارروائیاں کی جائیں گی۔انہوں نے تعلیمی اداروں میں منشیات کے استعمال کے خلاف بیداری مہم جاری رکھنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے زور دیا کہ منشیات جیسے گھنائونے دھندے میں ملوث کسی کے ساتھ کوئی نرمی نہیں برتی جائے۔محسن نقوی نے گزشتہ سال دو ہزار ایک سو سے زائد کارروائیوں میں کوئی دس ارب ڈالرز مالیت کی منشیات پکڑنے کو سراہا۔