Friday, 26 April 2024, 11:38:57 pm
دفتر خارجہ کا دہشت گردی کے خلاف جنگ میں مثبت کردار ادا کرنے کا عزم
September 11, 2021

پاکستان نے دہشت گردی کی تمام اقسام اور صورتوں کے خلاف جنگ اور خطے اور اس سے باہر امن و سلامتی برقرار رکھنے کا اپنا مثبت کردار جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔امریکہ میں گیارہ ستمبر کو دہشت گردی کے حملوں کو بیس سال مکمل ہونے کے موقع پر ایک بیان میں دفتر خارجہ کے ترجمان عاصم افتخار نے ایک بار پھر ان حملوں کی مذمت کی اور بے گناہ متاثرین کے خاندانوں اور عزیزوں کی حمایت اور ان سے یکجہتی کا اعادہ کیا۔ترجمان نے کہا کہ پاکستان گزشتہ دو دہائیوں سے دہشت گردی کے خلاف عالمی جنگ میں بین الاقوامی برادری کا فعال شراکت دار رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان نے اس جدو جہد میں قائدانہ کردار ادا کیا اور 80 ہزار جانوں کے زیاں اور ایک سو پچاس ارب ڈالر کے اقتصادی نقصان کی صورت میں بے مثال قربانی دے کر اپنے بھرپور عزم کا مظاہرہ کیا۔عاصم افتخار نے کہا کہ ہم پاکستان میں دہشت گردی کے حملوں خاص طور پر گزشتہ چند ماہ کے دوران ہونے والے حملوں کی شدید مذمت کرتے ہیں جن کی منصوبہ بندی اور مدد سرحد پار سے ہوئی۔انہوں نے کہا کہ پاکستان نے اپنی سرزمین پر ہو نے والے دہشت گردی ے واقعات کے منصوبہ سازوں، معاونوں اور ر قم فراہم کرنے والوں کو بے نقاب کیا ہے اور وہ آئندہ بھی ایسا کرتا رہے گا۔