وزیراعظم شہبازشریف نے آئندہ چند روز میں آزاد جموں وکشمیر کے دورے کا اعلان کیا ہے تاکہ صورتحال کا ذاتی طورپر جائزہ لے سکیں اور مذاکرات کی میزپر مسائل حل کرنے کے رجحان کو فروغ دیاجاسکے۔
آج(منگل) اسلام آباد میں وفاقی کابینہ کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ بانی پاکستان نے قرار دیا تھا کہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے اور امن وامان برقراررکھنا اولین ترجیح ہے ۔
شہبازشریف نے کہاکہ وفاقی حکومت نے صدر آصف علی زرداری ، وزیراعظم آزادکشمیر چوہدری انوارالحق اوردیگرسمیت تمام متعلقہ فریقوں کی مشاورت سے فوری طورپر فیصلہ کیاکہ آزاد کشمیرکے عوام کے تمام مطالبات پورے کئے جائیں جو علاقے میں احتجاجی مظاہرے کررہے ہیں۔
انہوں نے کہاکہ وفاقی حکومت نے آزادجموں وکشمیر کے عوام کی ضروریات کو فوری طورپر پورا کرنے کیلئے تئیس ارب روپے فراہم کرنے کا وعدہ کیا ہے ۔
انہوں نے کہاکہ احتجاجی تحریک اب ختم ہوگئی ہے ۔
شہبازشریف نے ضبط وتحمل کامظاہرہ کرنے اور شرپسند عناصر کے مذموم عزائم ناکام بنانے پر آزادکشمیر حکومت کی تعریف کی یہ عناصر احتجاج کے تناظر میں صورتحال کو سبوتاژ کرنا چاہتے تھے۔
انہوں نے اس مسئلے کو خوش اسلوبی سے حل کرانے پر صدر آصف علی زرداری ، وزیراعظم آزادکشمیر، پاکستان مسلم لیگ نواز کی آزاد کشمیر شاخ کی قیادت اور پاکستان پیپلزپارٹی کا بھی شکریہ ادا کیا ۔