Saturday, 27 July 2024, 01:19:28 pm
بھارتی حکومت تحریک آزادی سے وابستگی پرلوگوں کو جائیدادوں سے محروم کر کے انتقام کا نشانہ بنا رہی ہے
November 14, 2023

غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں مودی کی زیرقیادت بھارتی حکومت تحریک آزادی سے وابستگی پرلوگوں کو ان کی زمینوں اور جائیدادوں سے محروم کر کے انتقام کا نشانہ بنا رہی ہے۔

قابض حکومت نے اپنی تازہ ترین کارروائیوںمیں پلوامہ کے علاقوںکرال پورہ میں دو کنال اراضی جبکہ اونتی پورہ میں ایک دو منزلہ مکان کو ضبط کرلیاہے۔

اسی طرح کی ایک اور ظالمانہ کارروائی میں ہندوتوا حکومت نے پورے مقبوضہ جموں و کشمیر میں محکمہ صحت کے سینکڑوں کشمیری ملازمین کو برطرف کر دیاہے۔

اس اقدام کو ہندوتوا حکومت کی اس سازش کے ایک حصے کے طور پر دیکھا جا رہا ہے جس میں مقامی ملازمین کی جگہ باہر کے لوگوں کو بھرتی کیا جاتاہے تاکہ مقبوضہ علاقے میں آبادی کا تناسب تبدیل کیاجاسکے۔

کل جماعتی حریت کانفرنس کے رہنماؤں غلام محمد خان سوپوری، عبدالاحد، ایڈووکیٹ ارشد اقبال، محمد سلیم زرگر، فیاض حسین جعفری، سبط شبیر قمی اور مولانا مصعب ندوی نے سرینگر میں جاری اپنے بیانات میں شہری املاک کی ضبطی اور ملازمین کی برطرفی کی مذمت کرتے ہوئے ان اقدامات کو کشمیریوں کے بنیادی حقوق کی کھلی خلاف ورزی قراردیاہے۔

ادھربھارتی فورسز کے اہلکاروں میں خودکشی کے رجحان میں بڑے پیمانے پر اضافہ دیکھا جا رہا ہے اور جنوری 2007سے اب تک مقبوضہ جموں و کشمیر میں 586اہلکار اپنی جانیں لے چکے ہیں۔ ماہرین صحت نے بھارتی فوجیوں کی خودکشی کی بڑی وجہ معصوم کشمیریوں پر ڈھائے جانے والے مظالم کا احساس جرم قرار دیا ہے۔

انسانی حقوق کے کارکنوں نے مقبوضہ جموں و کشمیر میں لوگوں کی نقل وحرکت پر نظررکھنے کے لئے ان کے جسموں پر جی پی ایس ٹریکرلگانے پر بھارتی حکام کو تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔