Thursday, 03 April 2025, 07:49:31 am
 
کل جماعتی حریت کانفرنس کا تنازعہ کشمیر کے حل کے لیے نتیجہ خیز مذاکراتی عمل شروع کرنے پر زور
March 15, 2025

بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس نے تنازعہ کشمیر کے حل کے لیے پاکستان، بھارت اور حقیقی کشمیری قیادت کے درمیان جامع اور نتیجہ خیز مذاکراتی عمل کی ضرورت پر زور دیا ہے۔

کشمیر میڈیا سروس کے مطابق حریت کانفرنس کے ترجمان عبدالرشید منہاس نے سرینگر میں ایک بیان میں کہا کہ تنازعہ کشمیر کا اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی منظور کردہ قراردادوں اور کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق حل ناگزیر ہے۔

انہوں نے کہا کہ بھارت مقبوضہ جموں وکشمیر پر اپنا غیر قانونی تسلط برقرار رکھنے کیلئے تنازعہ کشمیر کے تاریخی حقائق کو چھپانے اور ایک جھوٹے بیانیے کو فروغ دینے کی کوشش کر رہا ہے۔انہوںنے خبردار کیا کہ بھارت کا غیر ہٹ دھرمی پر مبنی اور غیر حقیقت پسندانہ طرز عمل اور پالیسیاں خطے میں کشیدگی کا باعث ہیں۔

کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان نے پارٹی کے سینئر رہنما میرواعظ عمر فاروق کی گھر میں بار بار نظر بندی اور حریت رہنماوں اور ہزاروں کشمیری نوجوانوں کی بلاجواز طویل حراست کی شدید مذمت کی۔

انہوں نے کہا کہ بھارت فوجی طاقت کے بل پر کشمیریوں کی منصفانہ جدوجہد کو دبانے میں ہرگز کامیاب نہیں ہوگا۔

ادھر جموں وکشمیر پر بھارت کے غیر قانونی قبضے اور بھارتی فورسز کی طرف سے علاقے میں جاری انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں پر جنیوا میں اقوام متحدہ کے دفتر کے باہر ایک احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔

احتجاجی مظاہرے میں کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد جموںوکشمیر شاخ کے کنوینر غلام محمد صفی، چیئرمین کشمیر انسٹی ٹیوٹ آف انٹرنیشنل ریلیشنزالطاف حسین وانی، ایگزیکٹو ڈائریکٹر کے آئی آئی آر سردار امجد یوسف اور دیگر نے شرکت کی اور خطاب کیا۔

مقررین نے متنازعہ علاقے میں مزید خونریزی بند کرانے اور انسانی حقوق کے تحفظ کیلئے اقوام متحدہ کے کمیشن کی فوری مداخلت کا مطالبہ کیا۔