Saturday, 27 July 2024, 09:14:31 am
نائب وزیراعظم نے چین کی مسلسل حمایت کے اصولی موقف کوسراہا
May 15, 2024

چین اور پاکستان ایم ایل ون ریلوے لائن پراجیکٹ گوادر کی بندرگاہ کی ترقی اور شاہراہ قراقرم کے دوسرے مرحلے کے تحت گزرگاہ کا نئے سرے سے تعین پر عملدرآمد کی رفتار تیز کرنے سے اتفاق کیا ہے۔

یہ بات نائب وزیراعظم اور وزیرخارجہ اسحق ڈار نے آج بیجنگ میں چین کے وزیرخارجہ Wang YI کے ساتھ مشترکہ اخباری کانفرنس سے خطاب میں کہی۔

اسحق ڈار نے کہا کہ زراعت، کان کنی، معدنیات، توانائی، آئی ٹی اور صنعتی شعبوں میں تعاون مستحکم بنانے پر بھی اتفاق ہوا۔

نائب وزیراعظم نے مزید کہا کہ سی پیک میں تیسرے فریق کو شامل کرنے کیلئے طریقہ کار کو قطعی شکل دینے پر اتفاق رائے پایا گیا۔

انہوں نے پاکستان کیلئے چین کی ترقیاتی امداد کی تعریف کی اور کہا کہ ہم پاکستان میں چینی ترقی کے انداز پر مزید عمل پیرا ہونے کے خواہشمند ہیں۔

اسحق ڈار نے کاہ کہ اس پر ہمارا اتفاق رائے پایا جانا ہے کہ شاہراہ قراقرم چین اور پاکستان کے جغرافیائی تعلق کا مرکز ومحور ہے اور سی پیک کی شہ رگ ہے۔

انہوں نے کہا کہ خنجراب سوست سرحدی گزرگاہ کو سارا سال کھلا رکھنے کے بارے میں جو مفاہمت ہوچکی ہے اس پر جلد عملدرآمد ہوگا۔

سحق ڈارنے پاکستان کی خودمختاری اورسا لمیت کیلئے چین کی مسلسل حمایت اور جموں وکشمیر کے تنازعے کے حوالے سے بیجنگ کے اصولی موقف کوسراہا ۔

انہوں نے کہاکہ پاکستان ایک تذویراتی شرکت دار اور قابل اعتماد دوست کے طورپر XINJIANG ، بحیرہ جنوبی چین اور تائیوان سمیت چین کے تمام بنیادی امور پر اس کی حمایت جاری رکھے گا ۔

افغانستان کے بارے میں اظہار خیال کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ پاکستان اور چین دونوں کا اس پر اتفاق ہے کہ ایک پرامن ، مستحکم ، متحد اور محفوظ افغانستان خطے کی ترقی ، روابط اور خوشحالی کیلئے بنیادی اہمیت رکھتا ہے۔

پاکستان میں چین کے باشندوں کی خدمات کا اعتراف اورانھیں ملک میں مہماں قراردیتے ہوئے اسحق ڈار نے شانگلہ میں ایک دہشت گرد حملے میں پانچ چینی باشندوں اور ایک پاکستانی کی شہادت پر دلی تعزیت کی ۔

انہوں نے کہاکہ پاکستان ان کی قربانیوں کو بھرپور سراہتا ہے اوران کی خدمات فراموش نہیں کی جائیںگی۔

انہوں نے کہاکہ پاکستان نے ملک میں چینی مفادات کے تحفظ کیلئے جامع اقدامات کئے ہیں۔

نائب وزیراعظم نے کہاکہ پاکستان اورچین اگلے ہفتے اپنی مضبوط دوستی کے قیام کو تہتر سال مکمل ہونے پر تقریبات کا انعقاد کریںگے ۔

انہوں نے کہاکہ یہ منفرد شراکت داری عالمی امور میں ایک اخلاقی قوت ہے اورہمارے ملکوں کی ترقی وخوشحالی کیلئے ناگزیر ہے ۔