Saturday, 27 July 2024, 12:53:04 pm
پاکستان اور ترکمانستان کا مختلف شعبوں میں تعلقات مستحکم کرنے کے عزم کا اعادہ
September 18, 2023

پاکستان اور ترکمانستان نے خصوصاً ثقافتی ورثے سمیت مختلف شعبوں میں تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کا عزم ظاہر کیا ہے۔

اس عزم کا اظہار قومی ورثے اور ثقافت کے نگران وزیر جمال شاہ اور پاکستان میں ترکمانستان کے سفیر ATADJAN MOVLAMOV کے درمیان آج(پیر) کو اسلام آباد میں ملاقات میں کیا گیا۔

انہوں نے ملاقات کے دوران دونوں ملکوں کے درمیان باہمی دلچسپی کے امور خصوصاً ثقافتی تعلقات پر تبادلہ خیال کیا۔

قومی ورثے اور ثقافت کے وزیر نے مضبوط عوامی روابط کو مزید فروغ دینے کیلئے فن کے مختلف شعبوں میں اشتراک کو آگے بڑھانے پر زور دیا۔

جمال شاہ نے تجویز دی کہ پاکستان اور ترکمانستان کو مشترکہ فلم سازی شروع کرنی چاہئے کیونکہ فلم فن اور ثقافت کو فروغ دینے کا انتہائی موثر ذریعہ ہے۔

نگران وزیر نے کہا کہ وسط ایشیائی ممالک کو چین پاکستان اقتصادی راہداری ثقافتی کاروان کے دوسرے مرحلے کا حصہ بننے کی بھی خصوصی دعوت دی جائے گی۔

ترکمانستان نے ثقافتی وفود کے تبادلے میں تعاون بڑھانے اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔