نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے حکومت کے اِس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ ملک بھر میں چینی کی فراہمی اور اِس کی قیمتوں کو ضابطے میں رکھنے کے عمل کی کڑی نگرانی کی جائے گی تاکہ مارکیٹ میں اِس کی قیمتیں مستحکم رکھنے اور صارفین کیلئے مناسب نرخوں پر اس کی دستیابی یقینی بنائی جا سکے۔
انہوں نے اِس عزم کا اظہار آج(جمعہ) اسلام آباد میں ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا جس میں ملک کے اندر چینی کی موجودہ صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔
اجلاس کے دوران کمیٹیوں کے ساتھ پہلے طے پانے والے معاہدوں پر عملدرآمد کا جائزہ لیا گیا اور چینی کی قیمتوں میں کمی کے رجحان پر اطمینان کا اظہار کیا گیا۔
اسحاق ڈار نے پاکستان شوگر ملز ایسوسی ایشن کو ہدایت کی کہ وہ ملک بھر میں چینی کی ایک سو چونسٹھ روپے فی کلو گرام یا اِس سے کم قیمت پر چینی کی فروخت کیلئے پرچون قیمتوں کے معاہدے پر مکمل عملدرآمد کو یقینی بنائے۔