وزیراعظم محمد شہباز شریف نے دہشت گردی کے خاتمے اور ملک کے معاشی اور سماجی مسائل حل کرنے کیلئے اتحاد اور ہم آہنگی کی ضرورت پرزور دیا ہے۔
انہوں نے یہ بات اسلام آباد میں جمعتہ الوداع کے سلسلے میں نوجوانوں اورعلماء کے قومی کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کہی جس کاموضوع تھا ''رب ذوالجلال کا احسان پاکستان''۔
وزیراعظم نے کہا کہ زندگی کے تمام شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد خصوصاً علمائے کرام پر زیادہ ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ مذہب اور مسلک کی بنیاد پر داخلی تقسیم کا خاتمہ کریں۔
انہوں نے کہا قیام پاکستان کیلئے لاتعداد قربانیاں دی گئیں لیکن آج اندرونی لڑائیوں اور ذاتی خواہشات کو قوم کی ترقی اور خوشحالی پر ترجیح دی جارہی ہے۔
انہوں نے ملک کے بہترین مفاد میں ذاتی فائدوں اور انا کو قربان کرنے کی ضرورت پرزور دیا۔
شہبازشریف نے کہا کہ پاکستان کی مسلح افواج دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بے مثال قربانیاں دے رہی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ تاریخ سے سبق سیکھتے ہوئے ذاتی اختلافات اور خواہشات کو بالائے طاق رکھ کر یکجہتی کا مظاہرہ کیا جائے۔