پاکستان اور قطر نے تجارت اور سرمایہ کاری کے شعبوں میں قریبی برادرانہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کی مشترکہ خواہش کا اظہار کیا ہے۔
اس بات کا اعادہ آج(ہفتہ) وزیراعظم محمد شہباز شریف اور قطر کے امیر شیخ تمیم بن حمد الثانی کے درمیان ٹیلی فون پر گفتگو کے دوران کیا گیا۔
گفتگو میں اِس امر پر اتفاق کیا گیا کہ قطر کا ایک وفد عید کے فوری بعد پاکستان کا دورہ کرے گا تاکہ سرمایہ کاری پر بات چیت کو آگے بڑھایا جا سکے۔
وزیراعظم نے گزشتہ اکتوبر میں دوحہ کے اپنے دورے کو یاد کرتے ہوئے منظر ثقافتی نمائش کی میزبانی کیلئے امیر قطر کی تعریف کی، جس کا افتتاح ان کی موجودگی میں کیا گیا تھا۔
وزیراعظم نے لاہور میں ایسی ہی نمائش منعقد کرنے کی خواہش کا اظہار کیا، جس کا قطر کے امیر نے خیرمقدم کیا۔
گفتگو کے دوران علاقائی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا اور وزیراعظم نے امن کی کوششوں بالخصوص غزہ میں امن کے قیام کیلئے قطر کے سفارتی کردار کو سراہا۔
وزیراعظم نے عید الفطر کے موقع پر قطر کے امیر اور برادر عوام کو مبارکباد دی اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
قطر کے امیر نے وزیراعظم کی مبارکباد کا گرمجوشی سے جواب دیا اور پاکستانی عوام کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔