Friday, 04 September 2026, 01:32:35 pm
 
خودکشیاں، تربیتی حادثات اور اسلحہ چوری، بھارتی فوج کے نظام پر سوالات اٹھنے لگے
September 04, 2026

بھارتی فوج کو میدانِ جنگ کے ساتھ ساتھ داخلی نظام، تربیت اور سکیورٹی کے شعبوں میں بھی سنگین چیلنجز کا سامنا ہے، جبکہ خودکشیوں، تربیتی حادثات اور اسلحہ چوری کے حالیہ واقعات نے اس کے انتظامی اور سکیورٹی نظام پر سوالات اٹھا دیے ہیں۔

بھارتی جریدے انڈیا ٹوڈے کے مطابق سابق بھارتی فوجی شیوانند ریڈی نے زمین کی الاٹمنٹ کے تنازع میں طویل تاخیر سے دلبرداشتہ ہوکر خودکشی کی کوشش کی۔

رپورٹ کے مطابق سابق فوجی گزشتہ بیس برس سے دفاعی اہلکاروں کیلئے مختص زمین کے حصول کیلئے کوشش کررہے تھے۔

دی نیو انڈین ایکسپریس کے مطابق گزشتہ سال صرف بھارتی فوج کے ادارے سی آر پی ایف میں 59 اہلکاروں نے مایوسی اور ذہنی دبا کے باعث اپنی زندگیوں کا خاتمہ کیا۔

بھارتی میڈیا نیوز 18 کے مطابق ریاست ہریانہ میں فوجی تربیتی مشق کے دوران پانچ بھارتی فوجی دریا میں بہہ گئے، جن میں سے دو تاحال لاپتہ ہیں۔

رپورٹ کے مطابق تربیتی مشق کے دوران فنی خرابی کے باعث کشتی پانی کے تیز بہا میں بہہ گئی۔

دوسری جانب بھارتی جریدے دی ہندو کے مطابق سکندرآباد میں فوجی تنصیب سے چار رائفلوں سمیت دیگر ہتھیاروں کی چوری نے سکیورٹی انتظامات پر سنگین سوالات اٹھا دیے ہیں۔

رپورٹ کے مطابق ملزمان انتہائی سکیورٹی والے احاطے میں داخل ہوکر فوجی اسلحہ ذخیرہ کرنے کے مقام تک رسائی حاصل کرنے میں کامیاب ہوگئے۔

ان واقعات نے بھارتی فوج میں ناقص تربیت، کمزور سکیورٹی اور انتظامی خامیوں کے حوالے سے سوالات کو مزید نمایاں کردیا ہے۔