Tuesday, 21 May 2024, 11:38:03 pm
حکومت محنت کش طبقے کے تحفظ، صحتمندانہ ماحول فراہم کرنے کیلئے پرعزم ہے،وزیراعظم
May 01, 2024

وزیراعظم محمدشہبازشریف نے محنت کش طبقے کی فلاح وبہبود کوفروغ دینے اورمحنت کشوں کے ملکی قوانین کو عالمی معیارات سے ہم آہنگ کرنے کا حکومتی عزم ظاہرکیاہے۔مزدوروں کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں انہوں نے محنت کشوں کی قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کیاجنہوں نے اپنے حقوق کے لئے ان تھک جدوجہد کرتے ہوئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔وزیراعظم نے کہاکہ مختلف شعبوں میںپیشہ وارانہ تحفظ اورصحتمندانہ ماحول کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔انہوں نے کہاکہ ہم محنت کشوں کے تحفظ اورانکی صحت کی سلامتی پرخصوصی طورپرتوجہ مرکوز کرتے ہوئے جلدقومی سہ فریقی مزدورکانفرنس بلائیں گے۔وزیراعظم نے مزدوروں کے انمول کردارکوسراہاجو اپنے خاندانوں کاپیٹ پالنے کے لئے کھیتوں ،فیکٹریوں اورپاکستان کی ترقی کے لئے د ن رات کام کرتے ہیں۔شہبازشریف نے کہاکہ رہائش ،تعلیم ،صحت اورسماجی تحفظ کی بہترسہولیات کے ذریعے محنت کش طبقے کی فلاح وبہبود کومزیدفروغ دیکران کے کام اور معیار زندگی کو بہتر بنانے کی کوششیں جاری رکھیں گے۔