Thursday, 02 January 2025, 11:04:50 pm
 
علاقائی و بین الاقوامی تجارت ،نقل و حمل پالیسی کے مسودے کی تیاری جاری
November 01, 2024

قومی اسمبلی کو آج بتایا گیا کہ علاقائی اور بین الاقوامی تجارت میں پاکستان کے کردار کو بہتر بنانے کے لیے نقل و حمل کی پالیسی کا مسودہ تیار کیا جا رہا ہے۔

بحری امور کے وزیر قیصر احمد شیخ نے وقفہ سوالات کے دوران ایوان کو بتایا کہ یہ پالیسی نقل و حمل سرگرمیوں کے حوالے سے واضح رہنمائی اور معاونت فراہم کرے گی۔

اُنہوں نے کہا کہ پاکستان کی بندرگاہوں پر بلارکاوٹ ترسیلی معمولات اقتصادی ترقی اور ملازمتوں کے مواقع پیدا کرنے کا باعث بن رہے ہیں۔

صنعت و پیداوار کے پارلیمانی سیکرٹری شاہد عثمان نے ایوان کو بتایا کہ موبائل آلات کی تیاری اور برآمد کے حوالے سے نئی پالیسی تشکیل دی جا رہی ہے تاکہ مقامی طور پر تیار کردہ موبائل فون کی برآمد کو فروغ دیا جا سکے۔

ریلوے کے پارلیمانی سیکرٹری محمد عثمان اویسی نے ایوان کو بتایا کہ پاکستان ریلوے کی مال برداری کی صلاحیت میں اضافے کیلئے اس میں اعلیٰ معیار کی آٹھ سو بیس نئی بوگیاں شامل کی جارہی ہیں۔

اُنہوں نے کہا کہ تھرکوئلہ کی کانوں کو ریلوے سے منسلک کرنے کا منصوبہ جاری ہے جس سے ریلوے کے مال برداری کے شعبے کو بہت فائدہ ہو گا۔

وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے ایوان میں انسداد دہشت گردی ترمیمی بل مجریہ دو ہزار چوبیس پیش کیا۔

سپیکر نے بل متعلقہ قائمہ کمیٹی کو بھجوا دیا۔

ایوان کا اجلاس اب پیر کی شام پانچ بجے ہوگا۔