Friday, 17 May 2024, 11:59:22 am
پاک فضائیہ ہمیشہ قوم کی توقعات پر پورا اتری ہے،آرمی چیف
May 02, 2024

چیف آف آرمی سٹاف جنرل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ مسلح افواج اندرونی اور بیرونی چیلنجز سے نمٹنے کی مکمل صلاحیت رکھتی ہیں۔

 آج(جمعرات) رسالپور میں پی اے ایف اصغر خان اکیڈمی میں پاسنگ آؤٹ پریڈ سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے دوٹوک الفاظ میں کہا کہ مادروطن کے دفاع پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔

 انہوں نےفروری2019 کی مہم جوئی میں فضائیہ کے کردار کو سراہا اور کہا کہ پاک فضائیہ ہمیشہ قوم کی توقعات پر پورا اتری ہے۔

 جنرل سید عاصم منیر نے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ پاس آؤٹ ہونے والے کیڈٹس  مادروطن کے دفاع، عزت اور وقار کےلئے قربانی دینے سے کبھی  نہیں ہچکچائیں گے۔

اس موقع پر آرمی چیف نے کہا کہ اسلامی جمہوریہ پاکستان کے آئین کے آرٹیکل 19 اظہار رائے کی آزادی کی حدودواضح انداز میں بیان کرتا ہے۔

 جنرل سید عاصم منیر نے کہا کہ ہم سب اپنی آئینی حدود سے آگاہ ہیں اوردوسروں سے بھی آئین کے احترام کی توقع کرتےہیں۔

فلسطین کی موجودہ صورتحال کے حوالے سے آرمی چیف نے کہا کہ غزہ کی صورتحال  جنگوں سے پیدا ہونے والےمسائل کی تازہ مثال ہے۔ انہوں نےکہا کہ غزہ میں معمر افراد  خواتین اوربچوں کا بلا تفریق قتل عام ا س بات کی مثال ہے کہ دنیا میں تشدد بڑھ رہا ہے۔