اطلاعات ونشریات کے وزیر عطاء اﷲ تارڑنے کہا ہے کہ وزیراعظم محمد شہبازشریف کا سعودی عرب کا حالیہ دورہ کامیاب رہا ۔
انہوں نے یہ بات آج (جمعرات) کواسلام آباد میں وزیرقانون وانصاف اعظم نذیر تارڑ کے ہمراہ نیوز کانفرنس کرتے ہوئے کہی ۔
انہوں نے کہاکہ وزیراعظم نے سعودی وزراء اورمختلف مالیاتی اداروں کے حکام کے ساتھ اعلی سطح کی بارہ ملاقاتیں کیں جن میں پاکستان میں اقتصادی بحالی اور غیرملکی سرمایہ کاری لانے پر توجہ مرکوز کی گئی ۔
عطاء اﷲ تارڑ نے کہاکہ وزیراعظم نے ایک ماہ کے اندر سعودی ولی عہد سے دو مرتبہ ملاقات کی۔
انہوں نے کہاکہ کاروباری افراد اورسرمایہ کاروں پر مشتمل سعودی اعلی وفد چند روز میں پاکستان کا دورہ کرے گا جس میں مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کیلئے جامع لائحہ عمل پر بات چیت کی جائے گی۔
اس موقع پر وزیر قانون نے کہا کہ وفاقی ریونیو بورڈ میں اصلاحات متعارف کرانا حکومت کی اولین ترجیح ہے ۔
انہوں نے کہاکہ موجودہ پارلیمنٹ نے پہلی بار ٹیکس ٹربیونلز اور محصولات سے متعلق مقدمات کیلئے ایک قانون منظورکیا ہے جس سے ان مقدمات کو نمٹانے کا عمل تیز ہوگا۔