Friday, 03 January 2025, 01:58:09 am
 
پاکستان اور سری لنکا کا دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے پر زور
December 02, 2023

نگران وزیراعظم انوارالحق کاکڑ کی سری لنکا کے صدر سے دبئی میں ملاقات نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے سری لنکا کے صدر رانیل وکرما سنگھے سے آج (ہفتہ) دبئی میں منعقد ہونے والے COP-28 کے موقع پر ملاقات کی۔ دونوں رہنمائوں نے پاکستان سری لنکا کے دوطرفہ تعلقات کی قریبی اور خوشگوار نوعیت اور دونوں ممالک کے عوام کے درمیان خیر سگالی کا ذکر کرتے ہوئے اطمینان کا اظہار کیا۔ دونوں رہنمائوں نے سیاسی، اقتصادی اور ثقافتی شعبوں کے ساتھ ساتھ عوام سے عوام کے رابطوں میں دیرینہ تعاون کو مزید گہرا اور مضبوط کرنے پر اتفاق کیا۔ صدر وکرما سنگھے نے سری لنکا کے تجربے اور مالی بحران اور افراط زر کے چیلنج سے نمٹنے کے لیے سر ی لنکا کی طرف سے اٹھائے گئے اقدامات کا ذکر کیا۔ وزیراعظم نے سری لنکا کے صدر کو معیشت کی بحالی کے لیے حکومت کی کوششوں سے آگاہ کیا۔ وزیر اعظم انوارالحق کاکڑ اور صدر وکرم سنگھے نے جنوبی ایشیا میں امن اور ترقی کو فروغ دینے اور ماحولیاتی تبدیلیوں کے منفی اثرات سمیت مشترکہ چیلنجوں سے نمٹنے کے لیے مل کر کام کرنے کی اہمیت پر تبادلہ خیال کیا۔