Friday, 17 May 2024, 06:25:22 am
جعلی خبریں ایک سنجیدہ معاملہ ہے، وزیر اطلاعات
October 04, 2021

فائل فوٹو

وزیراطلاعات ونشریات چودھری فواد حسین نے کہا ہے کہ جعلی خبریں ایک سنجیدہ معاملہ ہے اور جعلی خبروں کے خلاف دنیا بھر میں قانون سازی کی جارہی ہے ۔

پارلیمنٹ ہاؤس اسلام آباد کے باہر صحافیوں سے غیررسمی گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ اس سلسلے میں تمام فریقوں کی مشاورت سے قانون سازی کی جائے گی ۔انہوں نے کہاکہ پاکستان میڈیا ڈویلپمنٹ اتھارٹی کا مسودہ تیار کرلیاگیا ہے جسے جوائنٹ ایکشن کمیٹی میں پیش کیاجائے گا کمیٹی میں پاکستان براڈ کاسٹرز ایسوسی ایشن ، آل پاکستان نیوز پیپرز سوسائٹی کے نمائندے مشاورت اور اتفاق رائے پیداکرنے کیلئے شامل ہیں۔پینڈورا پیپرز کے بارے میں ایک سوال پر انہوں نے کہاکہ وزیراعظم عمران خان پہلے ہی ٹویٹ کرچکے ہیں کہ حکومت ان تمام پاکستانیوں کے بارے میں تحقیقات کرائے گی جن کے نام پینڈورا پیپرز میں شامل ہیں اوراگر کوئی بدعنوانی سامنے آئی تو مناسب کارروائی کی جائے گی۔