Saturday, 21 December 2024, 04:54:13 pm
 
یوم یکجہتی فلسطین کل ملک بھر میں منایا جائے گا
October 06, 2024

اسرائیل کے بدترین مظالم کا سامنا کرنے والے بے گناہ فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کے لیے کل ملک بھر میں یوم یکجہتی منایا جائے گا۔

وزیر اعظم شہباز شریف نے یہ فیصلہ پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور جماعت اسلامی کے امیر حافظ نعیم الرحمن سے اسلام آباد میں ملاقات کے دوران کیا۔

وزیراعظم شہباز شریف غزہ میں نہتے فلسطینیوں پر جاری ظلم و ستم کے خلاف آواز اٹھانے اور فلسطینی بھائیوں بہنوں کی حمایت کے لیے آل پارٹیز کانفرنس کی بھی میزبانی کریں گے۔

یوم یکجہتی کے موقع پر آل پارٹیز کانفرنس کے انعقاد اور تقریبات کی نگرانی کے لیے نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار، شیری رحمان، خواجہ سعد رفیق اور نیئر بخاری پر مشتمل ایک کمیٹی پہلے ہی تشکیل دے دی گئی تھی۔

فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی اور اسرائیلی جارحیت کے خلاف احتجاج کے لیے ملک بھر میں عوامی اجتماعات اور سیمینارز کا انعقاد کیا جائے گا۔

پاکستان نے ہمیشہ ایک ایسے مستقبل کے لیے اپنے عزم کا اعادہ کیا ہے جہاں 1967 سے پہلے کی سرحدوں کے اندر ایک آزاد فلسطینی ریاست موجود ہو، جس کا دارالحکومت القدس الشریف ہو۔