منصوبہ بندی اور ترقی کے وزیر احسن اقبال نے پاکستان میں اعلیٰ تعلیم کے معیار کی بہتری کیلئے اعلیٰ تعلیمی کمیشن اور بزنس کونسل کے اشتراک سے تیار کردہ معیار کو یقینی بنانے کے لائحہ عمل پر موثر عملدرآمد کی ضرورت پر زور دیاہے۔
انہوں نے ان خیالات کا اظہار پاکستانی نژا دامریکی پروفیسر مدثر وائیں سے ملاقات کے دوران کیا جنہوں نے آج اسلام آباد میں ان سے ملاقات کی۔
احسن اقبال نے اُڑان پاکستان پروگرام کے تحت قومی ترقی میں بیرون ملک مقیم پاکستانی ماہرین کے کردار کو سراہا۔
انہوں نے پاکستانی یونیورسٹیوں کو عالمی معیار کے مطابق بنانے کے لئے دس بہترین یونیورسٹیوں پر مشتمل پریمیئر لیگ گروپ قائم کرنے کی تجویز دی۔
پروفیسر مدثر وائیں کیلیفورنیا میں مقیم معیار یقینی بنانے والے ماہرین سے ہیں اور انہوں نے کمپیوٹر سائنس میں پی ایچ ڈی کی ڈگری حاصل کی ہے انہوں نے امریکہ کے بورڈ آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی کے تسلیم شدہ معیار کو یقینی بنانے کے اصولوں پر روشنی ڈالی۔