Thursday, 09 January 2025, 11:29:55 am
 
لڑکیوں کی تعلیم کے حوالے سے دو روزہ کانفرنس ہفتہ کو اسلام آباد میں شروع ہوگی
January 08, 2025

اسلامی معاشروں میں لڑکیوں کی تعلیم، مشکلات اور مواقع کے موضوع پر دوروزہ کانفرنس ہفتہ کو اسلام آباد میں شروع ہوگی۔

کانفرنس کے انعقاد کا مقصد دنیا بھر کے اسلامی معاشروں میں لڑکیوں کی تعلیم کیلئے مشکلات سے نمٹنا اور افہام وتفہیم کے ذریعے ان مسائل پر قابو پانے کیلئے قابل عمل حل تلاش کرنا ہے۔

اس کانفرنس کے ذریعے اعلیٰ سطح کے مذاکروں اور اشتراک عمل کیلئے ایک بہترین پلیٹ فارم بھی میسر آئے گا۔

وزیراعظم محمد شہبازشریف افتتاحی تقریب میں کلیدی خطاب کریںگے۔

اپنے خطاب میں وہ لڑکیوں کی تعلیم کے فروغ اور صنفی مساوات کیلئے قوم کے عزم کا اعادہ کریںگے۔

کانفرنس میں چوالیس اسلامی اوردوست ممالک سے ڈیڑھ سو سے زائد بین الاقوامی شخصیات بھی شرکت کریں گی جن میں وزراء ، سفیر، دانشور، یونسیکو ، یونیسف اورعالمی بینک کے نمائندے بھی شامل ہیں۔

کانفرنس کا اختتام اسلام آباد اعلامیہ پر دستخط کی باضابطہ تقریب سے ہوگا جس میں تعلیم کے ذریعے لڑکیوں کو خودمختار بنانے اور نئی نسل کے روشن مستقبل کیلئے جامع اور پائیدار تعلیمی اصلاحات کی راہ ہموار کرنے کا عزم کیاجائے گا ۔