Monday, 20 May 2024, 04:34:03 pm
سانحہ نومئی کے مجرموں کو انصاف کے کٹہرے میں لایاجائے گا، وزیراعظم
May 09, 2024

وزیراعظم شہبازشریف نے کہا ہے کہ سانحہ نومئی کے مجرموں کو انصا ف کے کٹہرے میں لایاجائے گا اور ریاستی اداروں پر حملے اور شہدا کی یادگاروں کی بے حرمتی کرنے والوں کو عبرت ناک سزا دی جائے گی۔

وہ آج شام وزارت اطلاعات ونشریات کے زیراہتمام شہدا کوخراج عقیدت پیش کرنے اوران کے خاندانوں سے اظہار یکجہتی کیلئے منعقدہ تقریب سے خطاب کررہے تھے۔

وزیراعظم نے کہاکہ پاکستان کے25 کروڑ عوام مستقبل میں ایسی کوئی حرکت برداشت نہیں کرینگے کیونکہ گزشتہ نو مئی کے سانحہ میں ملوث عناصر نے ریاست پاکستان کے خلاف بغاوت کی اور مسلح افواج میں تقسیم پیدا کرنے کی کوشش کی ۔

تاہم انہوں نے واضح طورپر کہاکہ جن افراد کا سانحہ نو مئی میں کوئی کردار نہیں ان کو کچھ نہیں کہاجائے گا۔

ایک شہید کی والدہ کی طرف سے اٹھائے گئے سوال کا جواب دیتے ہوئے شہبازشریف نے یقین دلایاکہ قانون پر مکمل عملدرآمد ہوگا اور مجرموں کو عبرت ناک سزا دی جائے گی تاکہ آئندہ ایسی حرکت کرنے کا کوئی سوچ بھی نہ سکے۔

اس موقع پر وزیراعظم نے کہا کہ مسلح افواج شہداء کے لواحقین کی فلاح وبہبود اور تعلیم کا پورا خیال رکھتی ہیں اور ملک کے دیگر محکموں پر یہی طریقہ کار اپنایا جانا چاہیے۔

انہوں نے شہداء کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ پوری قوم کو شہداء کی قربانیوں پر فخر ہے اور وہ حالت جنگ، سیلاب یا کسی بھی آفت کی صورت میں ضرورت مندوں کی مدد کیلئے مسلح افواج کی خدمات کی معترف ہے۔

وزیراعظم کی درخواست پر تمام حاضرین نے کھڑے ہو کر شہداء کے لواحقین کو خراج عقیدت پیش کیا۔