Tuesday, 21 May 2024, 02:21:23 am
ملک میں سرمایہ کاری اورنئے کاروبارکیلئے مزید آسانیاں پیداکی جائیں،وزیراعظم
May 10, 2024

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے سرمایہ کاری بورڈ کو ملک میں سرمایہ کاری اور نئے کاروبار کے آغاز کیلئے مزید آسانیاں پیدا کرنے کا ہدف دے دیاہے۔

وزیراعظم کی زیرصدارت آج(جمعہ) اسلام آبادمیں ملک میں سرمایہ کاری و کاروباری سرگرمیوں کیلئے آسانی و فروغ کیلئے اعلی سطح کاجائزہ اجلاس ہوا۔

وزیراعظم نے کہا کہ پوری دنیا میں سرمایہ کاری وہاں جاتی ہے جہاں کاروبار میں کم سے کم رکاوٹیں ہوں۔

انہوں نے کہا کہ گزشتہ دور حکومت میں بطور خادم پاکستان ملک میں سرمایہ کاری و کاروبار کے فروغ کیلئے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات اٹھائے۔

انہوں نے کہا کہ خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل نے پالیسیوں کے تسلسل اور ملک کی معاشی بحالی کے ہدف کے حصول میں بہترین معاون کا کردار ادا کیا۔

انہوں نے کہاکہ پاکستان میں کاروباری سرگرمیوں اور بیرونی سرمایہ کاری کا فروغ ہماری ٹیم کی محنت کا منہ بولتا ثبوت ہے جس پر تمام متعلقہ وزرا ء اور افسران تعریف کے قابل ہیں۔

انہوں نے کہاکہ بیرونی سرمایہ کاری کیلئے دوست ممالک کے کاروباری وفود کے دورے اور سٹاک ایکسچینج میں ریکارڈ تیزی حکومتی پالیسیوں پر اعتماد کی عکاسی کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ سرمایہ کاری بورڈ تمام متعلقہ وزارتوں اور صوبائی حکومتوں کو اعتماد میں لے کر ون ونڈو آپریشن کی طرز پر ایک طریقہ کار وضع کرے۔ایسا طریقہ کار تجویز کیا جائے کہ سرمایہ کاروں اور نیا کاروبار شروع کرنے والے افراد کو کم سے کم رکاوٹوں کا سامنا کرنا پڑے،اس حوالے سے بین الاقوامی شہرت یافتہ ماہرین کی خدمات بھی لی جائیں۔

اجلاس میں وفاقی وزرا جام کمال خان، محمد اورنگزیب، عبدالعلیم خان،احد خان چیمہ، رانا تنویر حسین، اعظم نذیر تارڑ، ڈپٹی چیئرمین پلاننگ کمیشن ڈاکٹر جہانزیب خان اور متعلقہ حکام نے شرکت کی۔ چاروں صوبوں کے چیف سیکر ٹریزاور معروف کاروباری شخصیات نے وڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شرکت کی۔