Tuesday, 21 May 2024, 01:25:19 am
وزیراعظم کا موسمیاتی تحفظ کو بڑھانے کے لئے فوری اقدامات پر زور
May 10, 2024

آذربائیجان کے ماحولیات اور قدرتی وسائل کے وزیر مختار بابائیوف نے آج(جمعہ) اسلام آباد میں وزیراعظم شہبازشریف سے ملاقات کی۔

انہوں نے وزیراعظم کو رواں سال نومبر میں باکو میں ہونے والے کوپ ۔29 اجلاس میں شرکت کیلئے آذربائیجان کے صدر الہام علیوف کی جانب سے دعوت نامہ پیش کیا۔

وزیراعظم نے پرتپاک دعوت نامے پر آذربائیجان کے صدر کا شکریہ ادا کیا اور رواں سال عالمی رہنماؤں کے اہم ترین اجلاس کوپ۔29 کی میزبانی کے لئے باکو کے انتخاب پر انہیں اور آذربائیجان کے عوام کو مبارکباد پیش کی۔ اجلاس میں موسمیاتی تبدیلی سے لاحق خطرات پر غور کیا جائے گا۔

شہبازشریف نے کہا کہ پاکستان موسمیاتی طور پر غیرمحفوظ ممالک میں شامل ہے اور 2022ء کے تباہ کن سیلابوں سمیت حالیہ برسوں میں موسمیاتی تبدیلی کے تباہ کن اثرات بھگت رہا ہے۔

انہوں نے موسمیاتی تحفظ کو بڑھانے کے لئے فوری اقدامات پر زور دیا۔ اس ضمن میں انہوں نے کوپ۔29 کی کامیابی کو یقینی بنانے کے لئے آذربائیجان کو پاکستان کی مکمل حمایت اور تعاون کا یقین دلایا۔