Tuesday, 21 May 2024, 01:40:56 am
ملکی برآمدات کومسابقتی بنانے کیلئے فوری اقدامات کئے جائیں،وزیراعظم
May 10, 2024

وزیر اعظم شہباز شریف نے ملکی برآمدات کو مزید مسابقتی بنانے کے لیے فوری اقدامات پر زور دیا ہے۔

اسلام آباد میں تجارت سے متعلق امور پر جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ غیر روایتی اشیا کی برآمدات کے لیے اقدامات کیے جائیں۔

وزیراعظم نے ایسی تجارتی پالیسی تیار کرنے پر زور دیا جو کاروبار کو آسان بنائے۔ انہوں نے کہا کہ تجارت اور کاروبار میں آسانی کے حوالے سے پالیسیاں بنانے کے لیے نجی شعبے سے مشاورت کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ ملکی ترقی میں نجی شعبے اور صنعت کا کردار بہت اہم ہے۔

وزیراعظم نے برآمد کنندگان کو ڈیوٹی ڈرا بیکس کی بروقت ادائیگی یقینی بنانے کی ہدایت کی۔

انہوں نے اصرار کیا کہ ملک کے آٹو سیکٹر کی ترقی کے لیے ڈیلیشن پالیسی کو لاگو کیا جانا چاہیے۔

وزیراعظم نے بیرون ملک پاکستانی سفارت خانوں میں تعینات تجارتی اور سرمایہ کاری افسران کی کارکردگی کا جائزہ لینے کے لیے جامع حکمت عملی تیار کرنے کی ہدایت کی۔

شہباز شریف نے کہا کہ وہ ماہ میں دو بار ایکسپورٹ سیکٹر کا جائزہ لیں گے۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ پاکستان اور خلیجی ممالک کے درمیان آزادانہ تجارت کے معاہدے پر بات چیت آخری مراحل میں ہے جبکہ ازبکستان اور تاجکستان کے ساتھ راہداری تجارتی معاہدے کو فعال کیا گیا ہے جس کے مثبت نتائج سامنے آئے ہیں۔ آذربائیجان اور افغانستان کے ساتھ ترجیحی تجارتی معاہدوں پر اسٹیک ہولڈرز سے مشاورت کی جا رہی ہے۔

بتایا گیا کہ ایران اور روس دونوں نے بارٹر ٹریڈ کو فعال کرنے پر اصولی رضامندی کا اظہار کیا ہے۔

بتایا گیا کہ اسلام آباد میں حالیہ پاک سعودی بزنس کانفرنس میں ساڑھے چار سو بزنس ٹو بزنس میٹنگز ہوئیں۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ جیم ایکسپورٹ فریم ورک پر کام آخری مراحل میں ہے۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ نئی سٹریٹجک تجارتی پالیسی پر مشاورت ہو رہی ہے۔