Tuesday, 21 May 2024, 02:21:22 am
پاک ، اٹلی کا انسانی سمگلنگ روکنے کیلئے معاہدے کو حتمی شکل دینے پر اتفاق
May 10, 2024

پاکستان اور اٹلی نے انسانی سمگلنگ روکنے کے لئے ایک باضابطہ معاہدے کو حتمی شکل دینے پر اتفاق کیا ہے۔

یہ اتفاق رائے اطالوی سفیر MARILINA ARMELLIN اور وزیر داخلہ محسن نقوی کے درمیان آج(جمعہ) اسلام آباد میں ملاقات کے دوران ہوا۔

وزیر داخلہ نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ معاہدے کو فوری طور پر حتمی شکل دی جائے۔

فریقین نے اٹلی میں پاکستانیوں کے غیرقانونی داخلے کو روکنے کیلئے ایک مشترکہ پالیسی اختیار کرنے پر بھی اتفاق کیا۔

اس کے علاوہ ملاقات کے دوران اسلام آباد اور میلان کو جڑواں شہروں کا درجہ دینے کی تجویز پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

وفاقی وزیر نے اطالوی سفیر کو آگاہ کیا کہ انسانی اسمگلنگ کے خلاف ملک بھر میں کارروائیاں جاری ہیںاورحکومت نے اسمگلنگ مافیا کے خلاف عدم برداشت کی پالیسی اختیار کررکھی ہے۔

انہوں نے کہاکہ صرف ہنرمند افرادی قوت ہی قانونی طریقوں کے ذریعے پاکستان سے اٹلی بھیجی جائے گی۔

سفیر نے انسانی اسمگلنگ روکنے کے حوالے سے پاکستان کی طرف سے کیے گئے اقدامات کو سراہا اور اس سلسلے میں اپنے ہرممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔