Saturday, 21 December 2024, 05:10:08 pm
 
صدر،وزیراعظم کا قوم کے تعاون سے دہشتگردی ختم کرنے کا عزم
October 10, 2024

صدر آصف علی زرداری اوروزیراعظم محمد شہبازشریف نے ملک سے ہر طرح کی دہشت گردی کو ختم کرنے کے عزم کااظہار کیا ہے۔

ایک بیان میں صدراوروزیراعظم نے شمالی وزیرستان کے علاقے میر علی میں خفیہ اطلاعات کی بنیادپر سکیورٹی فورسز کی کامیاب کارروائی کو سراہا ہے۔

اپنے بیان میں صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ سکیورٹی فورسز نے بروقت کارروائی کرکے دو خوارج کو واصل جہنم کیا۔

انہوں نے قوم کے تعاون سے دہشت گردی کو ختم کرنے کا عزم ظاہر کیا۔

صدرنے کہا کہ ملک سے دہشت گردی کو مکمل ختم کرنے اور عوام کی جان ومال کو محفوظ بنانے کے لئے ہر ممکن کوششیں کی جائیں گی۔

انہوں نے کہا کہ قوم کو اپنے بہادر سپاہیوں پر فخر ہے جو ملک کی حفاظت کے لئے ہرلمحے تیار ہیں۔

اپنے بیان میں وزیراعظم شہباز شریف نے خوارج دہشت گردوں کو واصل جہنم کرنے پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا۔

شہبازشریف نے مادر وطن سے دہشت گردی کو ختم کرنے کے عزم کا اظہارکیا۔

انہوں نے کہا کہ قوم ملک کی بہادر افواج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔