Friday, 03 January 2025, 02:03:01 am
 
قیصر احمد شیخ کی کوریا کے سرمایہ کاروں کو پاکستان میں مواقع تلاش کرنے کی دعوت
November 10, 2024

بحری امور کے وزیر قیصر احمد شیخ نے کوریا کی حکومت اور سرمایہ کاروں کو پاکستان کی بندرگاہ اور جہاز رانی کی صنعت میںسرمایہ کاری کے مواقع تلاش کرنے کی دعوت دی ہے۔

وہ اسلام آباد میں پاکستان میں کوریا کے سفیر پارک کی جون سے ملاقات کے دوران گفتگو کررہے تھے ۔وفاقی وزیر نے کہا کہ متحدہ عرب امارات، سعودی عرب، ڈنمارک اور ملائیشیا جیسے ممالک پہلے ہی پاکستان کی بندرگاہوں میں نمایاں سرمایہ کاری کر چکے ہیں۔ انہوںنے امیدظاہر کی کہ کوریا کے سرمایہ کار بھی اس موقع

سے استفادہ کریں گے۔قیصر احمد شیخ نے کئی دیگر شعبوں میں بھی دوطرفہ تعاون کو مضبوط کرنے پر زوردیا جن میں قابل تجدید توانائی، شمسی، ہوا، پن بجلی، شہری منصوبہ بندی اور نقل و حمل کے منصوبے شامل ہیں۔

انہوںنے دونوں ممالک کے درمیان موجودہ تعلیمی تبادلوں کے پروگراموں کو بھی سراہا۔

وفاقی وزیرنے کلیدی شعبوںمیں کوریا کے ساتھ شراکت کے لئے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا جس کا مقصد دونوں ممالک کے لئے باہمی طورپر مفید شراکت داری کو قائم کرنا ہے۔