Friday, 03 January 2025, 01:27:22 am
 
وزیراعظم پیر کو عرب اسلامی سربراہ کانفرنس میں شرکت کرینگے
November 10, 2024

وزیراعظم شہباز شریف کل (پیرکو) ریاض میں ہونے والی دوسری مشترکہ عرب اسلامی سربراہ کانفرنس میں پاکستان کی نمائندگی کریں گے۔

دفتر خارجہ کی ترجمان ممتاز زہرہ بلوچ کے مطابق سربراہ اجلاس مشرق وسطی کی صورتحال پر تبادلہ خیال کے لیے سعودی عرب کی دعوت پر بلایا گیا ہے۔

اجلاس میں وزیراعظم فلسطین کے نصب العین کے لیے پاکستان کی مکمل حمایت کا اعادہ کریں گے اور وہ غزہ میں نسل کشی کے فوری خاتمے کے مطالبہ کے ساتھ ساتھ فوری اور غیر مشروط جنگ بندی پر بھی زوردیں گے ۔

پاکستان فلسطینی عوام کو بین الاقوامی تحفظ فراہم کرنے اور 4 جون 1967 کی سرحد وںپر مبنی فلسطین کی آزاد ریاست کے قیام کا بھی مطالبہ کرے گا۔ جس کا دارالحکومت القدس الشریف ہوگا۔

سربراہ اجلاس کے موقع پر، وزیر اعظم کی عرب لیگ اور او آئی سی کے رکن ممالک کے رہنمائوں کے ساتھ دو طرفہ ملاقاتیں متوقع ہیں۔ اجلاس میں عرب لیگ اور او آئی سی کے رکن ممالک کے سربراہان مملکت اور حکومت کے علاوہ اعلیٰ حکام شرکت کررہے ہیں ۔