Friday, 03 January 2025, 01:34:38 am
 
پاکستانی کمیونٹی ، پاک ، امریکہ سرمایہ کاری بڑھانے کیلئے فعال کردار ادا کرے، سفیر پاکستان
November 10, 2024

 امریکہ میں پاکستان کے سفیر رضوان سعید شیخ نے سان فرانسسکو کیلی فورنیا میں دن بھر پاکستانی کمیونٹی اور معروف پاکستانی امریکن تنظیموں سے ملاقات کی۔

تین اہم کمیونٹی تنظیموں سے ملاقاتوں کے دوران سفیر پاکستان نے پاک امریکہ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کے حوالے سے ان کے متعدد اقدامات میں پاکستان کے سفارتی مشنز کی سہولت کاری کے اہم کردار کو اُجاگر کیا۔

فریمونٹ کیلیفورنیا میں سفیر پاکستان رضوان سعید شیخ نے مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے پاکستانی نژاد امریکی کمیونٹی کے ایک بڑے اجتماع سے خطاب کیا۔

انہوں نے کمیونٹی پر زور دیا کہ وہ متحد رہیں اور اپنے درمیان ہم آہنگی کو فروغ دیں۔

سفیر پاکستان نے کمیونٹی پر زور دیا کہ وہ پاکستان اور امریکہ کے درمیان تجارت اور سرمایہ کاری کو بڑھانے کے لیے فعال کردار ادا کرے۔

انہوں نے دوطرفہ اقتصادی تعلقات کو فروغ دینے میں ڈائیسپورا کے اہم کردار پر زور دیا اور تجارت، سرمایہ کاری اور کمیونٹی سے متعلقہ منصوبوں میں ان کی کوششوں کو آسان بنانے کے لیے پاکستان کے سفارتی مشنز کی جانب سے پیش کردہ غیر متزلزل حمایت کو اُجاگر کیا۔

بعد ازاں انہوں نے پاکستانی ڈاکٹرز کی تنظیم 'اپنا' کے ناردرن کیلیفورنیا چیپٹر کے سالانہ اجتماع میں شرکت کی جہاں انہوں نے پاکستانی نژاد امریکی ڈاکٹروں کے اہم کردار کو سراہا۔

انہوں نے پاکستان کے سماجی بالخصوص صحت کی دیکھ بھال کے شعبوں میں ان کی مسلسل کاوشوں کی تعریف کی۔

سفیر پاکستان رضوان سعید شیخ نے امریکہ میں کمیونٹی کی فلاح و بہبود کی بہتری کے لیے سیاسی طور پر متحرک رہنے ، ایڈووکیسی اور مشترکہ کوششوں کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی ٹھوس پالیسیوں کی وجہ سے پاکستان مسلسل ترقی کر رہا ہے۔

انہوں نے 'اپنا'کے اراکین پر زور دیا کہ وہ پاکستان امریکہ تعلقات کو مضبوط بنانے کے لیے اپنے اثر و رسوخ اور نیٹ ورکس برے کار لائیں ۔ 'اپنا' کے صدر نے کمیونٹی سے مسلسل روابط قائم کرنے اور ان کی مدد کرنے کے حوالے سے مسلسل کوششوں پر سفیر پاکستان اور قونصل جنرل کا شکریہ ادا کیا۔

سفیر پاکستان نے نسٹ المنائی ایسوسی ایشن کے سالانہ اجتماع میں بھی شرکت کی۔ انہوں نے امریکہ میں نسٹ کے المنائی کو مدد فراہم کرنے ، فلاحی سرگرمیوں اور پاکستان میں پس ماندہ علاقوں کی طلبا کی معاونت کے حوالے سے تنظیم کی کاوشوں کو سراہا۔

انہوں نے نسٹ یو ایس اے پر زور دیا کہ وہ جدید ٹیکنالوجی اور پاکستانی کی تیزی سے بڑھتی ہوئی آئی ٹی مارکیٹ سے استفادہ کریں ۔

سفیر پاکستان نے اس امر کو اجاگر کیا کہ پاکستان کے سفارتی مشنز کمیونٹی کی سہولت کاری کے لئے پرعزم ہیں اور وہ پاکستان اور پاک امریکہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کے حوالے سے تمام اقدامات میں کمیونٹی کی حمایت کے لئے تیار ہیں۔

سفیر پاکستان رضوان سعید شیخ نے امریکہ میں پاکستان کے سفارتی مشنز کے اس عزم کا اعادہ کیا کہ وہ ڈائیسپورا اور پاکستان کے درمیان ایک سہولت کار کے طور پر کام جاری رکھیں گے جو ترقی، خوشحالی اور باہمی افہام و تفہیم کے حوالے سے شراکت داری کوفروغ دے ۔