Saturday, 27 July 2024, 08:25:40 am
حکومت سرمایہ کاری کو فروغ دینے پر کام کررہی ہے:چیمہ
April 12, 2024

اقتصادی امور کے وفاقی وزیر احد چیمہ نے رواں ماہ کے لئے ایشین ڈویلپمنٹ آئوٹ لک رپورٹ کو حکومت کی درست اقتصادی پالیسیوں کی توثیق قرار دیا ہے۔انہوں نے اسلام آباد میں اقتصادی امور ڈویژن کی طرف سے جاری کردہ بیان میں کہا کہ رپورٹ میں وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت کے تحت پاکستان کی معیشت کے لئے مثبت امکانات کی عکاسی کی گئی ہے۔وفاقی وزیر نے کہا کہ حکومت نے مستحکم اور پائیدار معیشت کے لئے کام شروع کر دیا ہے انہوں نے کہا کہ ملک میں مہنگائی کم ہو رہی ہے اور عالمی مالیاتی اداروں نے بھی اس کی تصدیق کی ہے۔احد چیمہ نے کہاکہ حکومت مالیاتی نظم و ضبط بہتر بنانے اور ملک میں بہتر کاروباری ماحول کیلئے سرمایہ کاری کو فروغ دینے پر کام کررہی ہے۔وفاقی وزیر نے کہا کہ ایشیائی ترقیاتی بنک کی سفارشات پر عملدرآمد اور ایک ایسی معیشت کے قیام کے لئے کام جاری رکھنے کیلئے پرعزم ہے جہاں تمام پاکستانیوں کیلئے مواقع موجود ہوں۔جائز ہ رپورٹ میں آئندہ مالی سال میں پاکستان کے لئے دو اعشاریہ آٹھ فیصد شرح نمو کاتخمینہ لگایا گیا ہے اور مہنگائی میں پندرہ فیصد کمی کی پیش گوئی بھی کی گئی ہے۔