Saturday, 21 December 2024, 07:21:59 pm
 
پاکستان شنگھائی تعاون تنظیم کے اجلاس کی میزبانی کے لیے تیار
October 12, 2024

پاکستان اس مہینے کی پندرہ اور سولہ تاریخ کو اسلام آباد میں شنگھائی تعاون تنظیم کے رکن ممالک کے سربراہان حکومت کی کونسل کے 23ویں اجلاس کی میزبانی کرے گا۔

دفتر خارجہ کی ترجمان کے مطابق وزیراعظم شہبازشریف شنگھائی تعاون تنظیم کے رکن ممالک کے سربراہان کے اجلاس کی صدارت کریںگے۔

شنگھائی تعاون تنظیم کے رکن ممالک چین، روس، بیلاروس، قازقستان، کرغزستان، تاجکستان اور ازبکستان کے وزرائے اعظم کے علاوہ ایران کے پہلے نائب صدر اور ہندوستان کے وزیر خارجہ اپنے ممالک کی نمائندگی کریں گے۔

منگولیا کے وزیراعظم، مبصر ریاست اور ترکمانستان کی کابینہ کے نائب چیئرمین اور وزرائے خارجہ اور خصوصی مہمان اس اجلاس میں شرکت کریں گے۔

وزیراعظم اجلاس کے موقع پر دورے پر آئے ہوئے وفود کے سربراہان سے اہم دوطرفہ ملاقاتیں بھی کریںگے۔

شنگھائی تعاون تنظیم کے رکن ممالک کی کونسل کے سربراہان حکومت اجلاس میں معیشت، ماحولیات، سماجی و ثقافتی روابط کے شعبوں میں تعاون پر بات چیت کی جائے گی اور تنظیم کی کارکردگی کا جائزہ لیا جائے گا۔

قائدین شنگھائی تعاون تنظیم کے رکن ممالک کے درمیان تعاون کو مزید بڑھانے اور تنظیم کے بجٹ کی منظوری کے لئے اہم تنظیمی فیصلے کریںگے۔