Saturday, 21 December 2024, 05:27:54 pm
 
اسلام آباد،بیجنگ کا پاکستان،چین سٹریٹجک شراکت داری پر اظہار اطمینان
October 14, 2024

پاکستان اور چین نے باہمی دلچسپی اور مشترکہ اصولوں پر مبنی دوطرفہ تذویراتی تعاون کے حوالے سے شراکت داری پر اطمینان ظاہر کیا ہے۔

 یہ اتفاق رائے آج(پیر کو) اسلام آباد میں وزیراعظم شہبازشریف اور چین کے وزیراعظم لی چیانگ کے درمیان وفود کی سطح پر بات چیت میں ہوا۔

 فریقین نے کہا کہ یہ شراکت داری ہر گزرتے دن کے ساتھ مزید مستحکم ہو رہی ہے۔

دونوں رہنماؤں نے ملاقات کے دوران تمام اہم مسائل پر ایک دوسرے کی حمایت کا اعادہ کیا اور سی پیک کے دوسرے مرحلے کی اعلیٰ معیار کی ترقی کا عزم ظاہر کیا۔

 انہوں نے باہمی مفاد کے لئے صنعت،زراعت،جدت،انفارمیشن ٹیکنالوجی سمیت مختلف شعبوں میں تمام جاری منصوبے بروقت مکمل کرنے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔

وزیراعظم شہبازشریف نے پاکستان میں چینی شہریوں اور منصوبوں کا تحفظ یقینی بنانے کے پاکستان کے غیر متزلزل عزم کا یقین دلایا۔

ملاقات میں اس بات کا اعادہ کیا گیا کہ پاکستان اور چین کثیر جہتی فورمز  اور علاقائی و عالمی اہمیت کے امور پر مشاورت جاری رکھیں گے۔