Saturday, 21 December 2024, 05:31:19 pm
 
پاکستان, چین کا اہم شعبوں میں سٹریٹجک تعاون کے فروغ کاعزم
October 15, 2024

پاکستان اورچین نے معیشت سرمایہ کاری اورعلاقائی روابط سمیت اہم شعبوں میں اسٹریٹجک تعاون مزید گہرا کرنے کے عزم کااعادہ کیا ہے۔

اس عزم کااظہار صدر آصف علی زرداری اور چین کے وزیراعظم لی چیانگ کے درمیان آج اسلام آباد میں ہونے والی ایک ملاقات کے دوران کیاگیا۔ دونوں رہنمائوں نے پاک چین اقتصادی اہداری کے تحت منصوبوں پرعملدرآمد تیزکرنے کی ضرورت پرزوردیا۔ ملاقات میں صدر آصف علی زرداری نے کہاہ چین کے ساتھ دوستی پاکستان کی خارجہ پالیسی کاایک اہم جزو ہے۔صدر مملکت نے تجارتی اور عوامی روابط مضبوط بنانے کے لئے سڑکوں کے ذریعے روابط بڑھانے پر زوردیا۔انہوں نے کہاکہ چینی کمپنیوں کو سٹاک ایکس چینج میں سرمایہ کاری کے لئے پاکستان میں موجود مواقع سے فائدہ اٹھاناچاہئے۔ انہوں نے کہاکہ سی پیک اور گوادربندرگار کے ذریعے چین کی اقتصادی ترقی سے بھرپور استفادہ کرنے کا وقت آگیا ہے۔صدر مملکت نے کہاکہ وہ نومبر میں چین کا دورہ کریں گے جس میں وہ اپنے پرانے دوستوں کے ساتھ رابط قائم کرنے اور تعلقات مزید مضبوط بنانے کے لئے بات چیت کے منتظر ہیں۔آصف علی زرداری نے تسلیم کیاکہ پاکستان کو باہمی اہمیت کے اہم مسائل پر چین کی ہمیشہ غیر متزلزل حمایت حاصل رہی ہے۔

آصف علی زرداری نے دہشت گردوں کے حملے میں دو چینی شہریوں کی ہلاکت پر تعزیت کااظہار کرتے ہوئے کہاکہ پاکستان چین دوستی کے دشمن چینی شہریوں کو نشانہ بناکر دوطرفہ تعلقات کو نقصان پہنچانے کی کوششیں کررہے ہیں۔صدر نے کہاکہ دشمن اپنے مذموم عزائم میں کامیاب نہیں ہوںگے ۔ انہوں نے مجرموں کو قرار واقعی سزا دینے کے پاکستان کے عزم کااظہارکیا۔آصف علی زرداری نے جموں وکشمیر کے تنازعے پرپاکستان کی حمایت کرنے پر چین کا شکریہ ادا کیا۔ اس موقع پر بات چیت کرتے ہوئے چینی وزیراعظم نے کہاکہ ان کا ملک پاکستان کی علاقائی سالمیت خودمختاری اور خوشحالی میں اس کی مدد جاری رکھے گا۔انہوں نے کہاکہ پاکستان اورچین اچھے بھائی ہمسائے شراکت دار اور دوست ہیں۔انہوں نے کہاکہ صدر شی جن پنگ کی قیادت میں اس تزویراتی تعاون کو مستحکم کرنے کا سلسلہ جاری رہے گا۔انہوں نے پاک چین تعلقات کے فروغ میں صدر آصف علی زرداری کی خدمات کو بھی سراہا ۔چین کے وزیراعظم نے کہاکہ دونوں ممالک نے عالمی چینلجز کے باوجود ایک دوسرے کی حمایت جاری رکھی ہے اور وہ اپنی شراکت داری کو نئی بلندیوں پر لے جانے کے لئے تعاون جاری رکھیں گے۔لی چیانگ نے سی پیک کے تحت ترقیاتی منصوبوں پرکام تیزکرنے کی ضرورت پرزوردیا۔ انہوںنے کہاکہ چین پاکستان میں سرمایہ کاری کے لئے چینی کمپنیوں کی حمایت جاری رکھے گا۔چین کے وزیراعظم نے ون چائنہ پالیسی اور تائیوان تبت ہانگ کانگ XINGIANG اور جنوبی چین کے سمندر سمیت تمام اہم امور پر چین کی بھرپورحمایت کرنے پر پاکستان کی تعریف کی۔