وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار کا فوری جامع جائزہ لینے کی ہدایت کی ہے تاکہ اُنہیں سہولیات فراہم کی جا سکیں۔
آج اسلام آباد میں چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار کے حوالے سے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے اُنہوں نے وزیراعظم یوتھ پروگرام کے تحت چھوٹے کاروبار کیلئے قرض کی رقم پانچ لاکھ سے بڑھا کر پندرہ لاکھ روپے کرنے کی ہدایت کی۔
اُنہوں نے کہا کہ چھوٹے کاروبار میں خواتین تاجروں کیلئے خصوصی پیکیج تشکیل دیا جائے۔
شہباز شریف نے کہا کہ ملکی برآمدات بڑھانے کے لیے چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار کا فروغ حکومت کی اوّلین ترجیح ہے۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ سمیڈا رواں برس فروری تک چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباری افراد کے لیے مالی خواندگی اور تربیتی پروگرام شروع کرے گا۔ اس کے علاوہ رواں سال کے وسط تک چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار کو جدید ٹیکنالوجی سے ہم آہنگ کرنے کیلئے ایک پروگرام کو حتمی شکل دیکر اس کا آغاز بھی کیا جائے گا۔