Tuesday, 30 April 2024, 07:35:14 pm
سعودی وفد کا دورہ ،ملک میں اربوں ڈالر کی سرمایہ کاری آئیگی،وزیراعظم
April 17, 2024

وزیراعظم شہباز شریف نے یقین ظاہر کیا ہے کہ سعودی عرب کے وفد کے دورے کی وجہ سے پاکستان میں اربوں ڈالرز کی سرمایہ کاری آئے گی۔

انہوں نے آج اسلام آباد میں کابینہ کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہا کہ سعودی وفد نے سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی خصوصی دلچسپی کے باعث پاکستان کا دورہ کیا۔

وزیراعظم نے سعودی ولی عہد کے دورے کا شکریہ ادا کیا اور سعودی وفد کے دورے کو کامیاب بنانے میں وفاقی کابینہ اور متعلقہ اداروں کے کردار کو بھی سراہا۔شہباز شریف نے کہا کہ سعودی وفد پاکستانی وزراء اور حکام کی تیاریوں اور مہمان نوازی سے بہت متاثر ہوا اور سعودی وزیر خارجہ فیصل بن فرحان السعود نے بھی اس کی تعریف کی۔وزیراعظم نے ملک میں سعودی سرمایہ کاری آنے اور منصوبوں کی تکمیل یقینی بنانے کیلئے اسی جوش و جذبے کے اظہار کی ضرورت پر زور دیا۔انہوں نے پاکستان کی تعمیر و ترقی کیلئے تمام کوششیں بروئے کار لانے کے عزم کا بھی اعادہ کیا۔