Wednesday, 01 May 2024, 03:49:30 am
حکومت ٹیکنالوجی کے فروغ کیلئے پُرعزم ہے:وزیر اطلاعات
April 18, 2024

وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت ٹیکنالوجی اور پبلک پرائیویٹ شراکت داری کے فروغ کیلئے پُرعزم ہے۔اسلام آباد میں آج (جمعرات) ایک سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ غیر ملکی سرمایہ کاری کے حصول کے مقصد کیلئے خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل کا قیام عمل میں لایا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ دنیا کے پانچویں بڑے ملک پاکستان کو قدرت نے بے پناہ قدرتی اور انسانی وسائل سے نوازا ہے اور انسانی وسائل ہمارا سب سے بڑا ذریعہ ہیں۔انہوں نے ان قدرتی اور انسانی وسائل کی بین الاقوامی سطح پرتشہیر اور استعمال کی ضرورت پر بھی زور دیا۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے غیر ملکی سرمایہ کاری کو سہولت بہم پہنچانے کیلئے پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ پالیسی فریم ورک کی منظوری دی ہے۔وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان سالانہ پچاس ہزار انجینئر اور آئی ٹی گریجویٹ پیدا کرتا ہے اور دنیا بھر میں انہیں نمایاں مقام ملتا ہے۔انہوں نے پروگرام میں شریک کمپنیوں سے کہا کہ وہ چِپ ڈیزائننگ اور سیمی کنڈکٹر کی صنعت میں مزید بہتری کیلئے ٹھوس تجاویز پیش کریں۔