کل جماعتی حریت کانفرنس نے کہاہے کہ بی جے پی کی زیر قیادت بھارتی حکومت نے بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر کے لوگوں کو ان کے تمام وسائل سے محروم کررکھا ہے۔
ایک بیان میں کل جماعتی حریت کانفرنس کے رہنمائوں نے سرینگر میں ایک اجلاس کے دوران اس بات پر زور دیا کہ تنازعہ کشمیر اقتدار کی جنگ نہیں بلکہ بھارت کے ناجائزقبضے سے آزادی کی جدوجہد ہے۔
کل جماعتی حریت کانفرنس کے رہنمائوں نے اس بات کا اعادہ کیا کہ نئی دلی کی طرف سے مسلط کردہ پراکسی راج‘ ہندوتوا سے چلنے والی بی جے پی کے ذریعے منظم طریقے سے علاقے کے وسائل کولوٹ رہی ہے۔
انہوں نے بھارتی فورسز کی جانب سے آزادی پسند رہنمائوں اور کارکنوں کی جائیدادوں پرقبضے کی شدید مذمت کی۔
انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام اپنے حق خودارادیت کیلئے اپنی جدوجہد میں پرعزم ہیں۔
کشمیری رہنمائوں نے مزید کہا کہ 69 لاکھ سے زائد بھارتی قابض افواج کی موجودگی نے کشمیر کو دنیا کا سب سے زیادہ فوجی علاقہ بنا دیاہے۔
کل جماعتی حریت کانفرنس کے رہنمائوں نے عالمی طاقتوں پر زور دیا کہ وہ اقوام متحدہ کی قرارد ادوں کے مطابق تنازعہ کشمیر کو بحال کرنے کے لئے بین الاقوامی امن اور سلامتی کیلئے مداخلت کریں۔
انہوں نے غیر قانونیطور پرنظربند آٹھ حریت رہنمائوں اور کارکنوں کی فوری رہائی کا مطالبہ بھی کیا۔