وزیر اعظم شہبازشریف نے پاکستان کی عالمی اقتصادی فورم اور ڈیجیٹل تعاون تنظیم کے براہ راست مشترکہ ڈیجیٹل غیر ملکی سرمایہ کاری اقدام میں شمولیت کا خیر مقدم کیا ہے۔
انہوں نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ایک پیغام میں کہا کہ پاکستان ڈیجیٹل تبدیلی کیلئے اپنی پیش قدمی میں نئی بلندیوں کو چھو رہا ہے۔
شہباز شریف نے ترقی وخوشحالی کیلئے سرمایہ کاری کے تیزی سے بڑھتے ہوئے ڈیجیٹل ماحول کی آبیاری کے لیے غیر متزلزل عزم کا اعادہ کیا۔پاکستان نے 2022 میں ڈیووس میں ورلڈ اکنامک فورم اور ڈیجیٹل کوآپریشن آرگنائزیشن کی طرف شروع کیے گئے ڈیجیٹل غیر ملکی براہ راست سرمایہ کاری کے اقدام کو نافذ کرنے والا پہلا ملک بن کر اپنی ڈیجیٹل معیشت کو
بڑھانے کے لیے ایک اہم قدم اٹھایا ہے۔اس اقدام کا مقصد ڈیجیٹل معیشت خاص طور پرابھرتی ہوئی مارکیٹوںمیں سرحد پار سرمایہ کاری کی سہولت فراہم کرنا ہے اور یہ پاکستان کے ڈیجیٹل غیر ملکی براہ راست سرمایہ کاری کو فعال کرنے کے منصوبے کا آغاز ہے۔
یہ اقدام پاکستان کو ڈیجیٹل تبدیلی میں ایک علاقائی رہنما کے طور پر لانے کے لیے تیار ہے، جس سے خاطر خواہ غیر ملکی سرمایہ کاری کو راغب کرنے اور اقتصادی ترقی کو آگے بڑھانے کیلئے اس کی صلاحیتوں کو اجاگر کیا جائے گا۔