Saturday, 27 July 2024, 01:39:16 pm
اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کا موسمیاتی تبدیلی سے نمٹنے کیلئے اقدامات پر زور
September 19, 2023

اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نے صاف توانائی ذرائع کے حصول میں ترقی پذیر ملکوں کو وسائل فراہم کرتے ہوئے موسمیاتی تبدیلی سے نمٹنے کیلئے فوری اقدامات پر زور دیا ہے۔

آج(منگل) کو نیویارک میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اٹھہترویں اجلاس کا افتتاح کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہمیں کرئہ ارض پر عالمی حدت پر قابو پانے کے حوالے سے اپنے مستقبل کو انتہائی خطرے سے نمٹنے کے لئے پرعزم رہنا چاہئے۔

اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلی نئے ریکارڈ توڑ رہی ہے لیکن ہم قربانی کا بکرا بنائے جانے کے متحمل نہیں ہو سکتے اور ہمیں دوسروں کے پہل کرنے کا انتظار نہیں کرنا چاہئے۔

انہوں نے کہا کہ درجہ حرارت بڑھانے والی گیسوں کے خاتمے کیلئے ٹھوس اقدامات کی ضرورت ہے اور ان ملکوں کیلئے موسمیاتی انصاف کو یقینی بنانا چاہئے جن کا اس بحران میں کم سے کم کردار ہے لیکن وہ اس کی بھاری قیمت چکا رہے ہیں۔

اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل نے جدید چیلنجوں سے نمٹنے کے لئے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل سمیت عالمی اداروں میں وسیع اصلاحات پر زور دیا۔

نہوں نے مقبوضہ فلسطینی علاقوں میں یکطرفہ اقدامات کی مذمت کی۔

انہوں نے کہا کہ مقبوضہ فلسطینی علاقوں میں مسلسل پرتشدد واقعات اور خونریزی کے شہریوں پر خوفناک اثرات مرتب ہو رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ یکطرفہ اقدامات بڑھ رہے ہیں اور دو ریاستی حل کے امکانات کو معدوم کر رہے ہیں جو فلسطینیوں اور اسرائیلیوں کے لئے دیرپا امن و سلامتی کا واحد راستہ ہے۔