File Photo
نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے ملک میںآزادانہ، منصفانہ اور شفاف انتخابات کرانے کے لئے حکومت کے عزم کا اعادہ کیاہے۔ایک نجی ٹیلی ویژن چینل کے ساتھ انٹرویو میںانہوں نے کہا کہ نگران حکومت چاہتی ہے کہ لوگ آئندہ انتخابات میں اپنے جمہوری حق کا استعمال کرتے ہوئے اپنے نمائندے منتخب کریں۔ انہوںنے کہا کہ نگران حکومت اپنی ذمہ داریاں منتخب حکومت کے حوالے کرنا چاہتی ہے۔غیر قانونی افغان پناہ گزینوں کی وطن واپسی کے بارے میں اظہار خیال کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ یہ عمل پورے عزت و احترام سے جاری ہے اور اس بات کو یقینی بنایا جارہاہے کہ غیر قانونی افراد پورے وقار کے ساتھ اپنے وطن واپس جائیں۔ایک اور سوال کے جواب میں وزیراعظم نے افغان عبوری حکومت پر زور دیا کہ وہ اپنی سرزمین پر دہشت گردی کی کارروائیوں کو ختم کرنے کے لئے عملی اقدامات کرے۔ انہوں نے کہا افغان حکومت اس بات کو یقینی بنائے کہ ان کی سرزمین پاکستان سمیت کسی دوسرے ملک کے خلاف استعمال نہ کی جائے۔انہوں نے دہشت گرد عناصر کے خلاف کارروائی میں پاکستان کی سیکورٹی فورسز کو انتھک کوششوں پر خراج تحسین پیش کیا۔
وزیراعظم نے افغان پناہ گزینوں کی اپنے ملک واپسی کے حوالے سے واضح کیا کہ صرف غیر قانونی طور پر مقیم افغانوں کو ملک چھوڑنے کا کہا گیا ہے۔مسئلہ فلسطین کے بارے میں وزیراعظم نے کہا کہ سعودی عرب میں اسلامی تعاون تنظیم کے خصوصی اجلاس میں عالم اسلام کے تمام رہنمائوں نے غزہ اور مغربی کنارے میں جنگ بندی اور انسانی ہمدردی کی بنیاد پر راہداری کھولنے کیلئے عالمی طاقتوں پر زور دینے پر اتفاق کیا۔چین پاکستان اقتصادی راہداری پر پیشرفت کے بارے میں ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پاکستان اور چین ایک خطہ ایک شاہراہ اقدام کے دوسرے مرحلے میں داخل ہو رہے ہیں۔وزیراعظم نے پاکستان میں چینی شہریوں کی سکیورٹی سے متعلق سوال پر ملک میں ہر قسم کے تشدد کے خاتمے کا حکومت کا پختہ عزم ظاہر کیا۔